اسپورٹس ؍ کھیل

نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو شکست دے سیریز میں کلین سویپ کیا

ممبئی، 3 نومبر : ٹام لیتھم کی کپتانی والی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اتوار کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کو 25 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں تاریخی کلین سویپ کیا۔

اعجازپٹیل کو ان کی عمدہ گیندبازی کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ جبکہ ول ینگ کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔

92 سال کی ٹیسٹ تاریخ میں پہلی بار نیوزی لینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو اس کی ہی سرزمین پر کلین سویپ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی بار 1955 میں ہندوستان کا دورہ کیا، پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے شکست کھائی۔ سیریز کے تین میچ ڈرا ہوئے۔

پھر 1965 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان آئی اور اس بار بھی اسے ایک بھی ٹیسٹ جیتنے کا موقع نہیں ملا۔ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے شکست دی تھی۔ اور تین میچ ڈرا ہوئے۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے 1969 میں ہندوستان کا دورہ کیا اور اس وقت ہندوستانی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ جیتا تھا۔ تین میچوں کی یہ سیریز نیوزی لینڈ 1-1 سے برابر کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

24 سال بعد کسی بھی ٹیم نے ہندوستان میں ہندوستانی ٹیم کو کلین سویپ کیا ہے۔ اس سے قبل سال 2000 میں جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو کلین سویپ کیا تھا۔ ہندوستان اب آسٹریلیا کے دورے پر پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے ہندوستان کو اس سیریز میں کم از کم چار ٹیسٹ میچ جیتنے ہوں گے۔

آج یہاں لنچ کے بعد جیت کی طرف بڑھ رہے ہندوستان کو 22ویں اوور میں اعجاز پٹیل نے رشبھ پنت (64) کو آؤٹ کر کے جھٹکا دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کی میچ میں واپسی کرادی۔ پنت نے اپنی اننگ میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ری پلے کے مطابق گیند بلے سے لگ کر پیڈ پر لگتے ہوئے وکٹ کیپر ٹام بلنڈل کے ہاتھوں میں گئی تھی۔ پنت کو تھرڈ امپائر نے غلط آؤٹ قرار دیا۔ اس کے بعد اشون اور واشنگٹن سندر نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ لیکن گلین فلپس نے اشون (آٹھ) اور اسی اوور میں آکاش دیپ (صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ 30 ویں اوور میں اعجاز نے واشنگٹن سندر (12) کو بولڈ کر کے ہندوستانی اننگز 121 پر ختم کر دی اور میچ 25 رنز سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان اپنے گھر پر ٹیسٹ سیریز ہارا ہے۔ اس شکست سے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان کو بھی بڑا دھچکا لگے گا۔

نیوزی لینڈ کو دوسری اننگ میں 174 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے 29 کے اسکور پر ایک کے بعد اپنے پانچ وکٹ گنوادیے۔ کپتان روہت شرما 11، شبمن گل ایک، یشسوی جیسوال 5 اور وراٹ کوہلی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد رویندر جڈیجہ نے رشبھ پنت کے ساتھ اننگ کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان 42 رنز کی شراکت ہوئی۔ 16ویں اوور میں اعجاز پٹیل نے ول ینگ کے ہاتھوں جڈیجہ (6) کو کیچ کروا کر اس شراکت کو توڑ دیا۔

اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے واشنگٹن سندر نے پنت کے ساتھ اننگ کو سنبھالا۔ اس دوران رشبھ پنت نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ پنت نے 50 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے (ناٹ آؤٹ 53) بنالئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ گلین فلپس کو تین وکٹ ملے۔ میٹ ہنری نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل رویندر جڈجہ اور اشون کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو دوسری اننگ میں 174 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو مشکل پچ پر میچ جیتنے کے لیے 147 رنز کا ہدف ملا ہے۔ آج یہاں وانکھیڑے میں، نیوزی لینڈ نے کل کے 171 کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ اسکور میں ابھی چار رنز کا اضافہ ہوا تھا جب رویندرا جڈیجہ نے آکاش دیپ کے ہاتھوں اعجاز پٹیل (8) کوکیچ آؤٹ کراتے ہوئے نیوزی لینڈ کی دوسری اننگ کا 45.5 اوورز میں 174 کے اسکور پر خاتمہ کردیا۔

دوسرے دن ہندوستان کی پہلی اننگ کے 263 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم نے نو وکٹوں پر 171 رنز بنالئے تھے۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 235 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان نے پہلی اننگ میں 263 رنز بناکر 28 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ دوسری اننگ میں رویندر جڈیجہ نے سب سے زیادہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ روی چندرن اشون نے تین وکٹ جھٹکے۔ آکاش دیپ اور واشنگٹن سندر کو ایک ایک وکٹ ملا۔

 

#New Zealand defeats India

متعلقہ مضامین

Back to top button