جرائم و حادثات

آصف آباد: 72.5 لاکھ کا گانجہ ضبط، ڈرائیور گرفتار

کمرم بھیم آصف آباد: 72.5 لاکھ کا گانجہ ضبط، ڈرائیور گرفتار

کمرم بھیم آصف آباد ضلع کے وانکیڈی علاقے میں بین ریاستی چیک پوسٹ پر پولیس نے ایک کارروائی کے دوران تقریباً 72 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا ممنوعہ گانجہ ضبط کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈی وی سرینواس نے بتایا کہ مہاراشٹر کے ریاستی انتخابات کے پیش نظر ریاستی سرحدوں پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، اور غیرقانونی رقم اور ممنوعہ اشیاء کی منتقلی کو روکنے کے لئے وانکیڈی کے قریب چیک پوسٹ قائم کی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے ہر آنے جانے والی گاڑی کی سخت تلاشی جاری ہے۔ اسی دوران ایک کنٹینر کی تلاشی لینے پر 145 چھوٹے پیکٹ برآمد ہوئے، جن میں تقریباً 2 کنٹل 90 کلو گانجہ پیک کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں ڈرائیور بلویر سنگھ جو مدھیہ پردیش کے آسائی روڈ، مرائنا کا رہائشی ہے، نے انکشاف کیا کہ یہ غیرقانونی سامان اربند نامی شخص نے مہاراشٹر سے آندھرا پردیش کے راجمندری کے لئے روانہ کیا تھا اور اس کی ترسیل مدھیہ پردیش میں ہونی تھی۔

پولیس نے فوری طور پر کنٹینر اور ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا اور مزید تحقیقات کے لیے مدھیہ پردیش میں اربند کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم روانہ کی گئی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی کروناکر، سرکل انسپکٹر ستیہ نارائن، اسپیشل برانچ انسپکٹر رانا پرتاب، سب انسپکٹر پرشانت اور دیگر پولیس عہدیدار بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button