تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

سرکار دو عالم ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف متحدہ ضلع و مستقر محبوب نگر میں ایک روزہ بند کامیاب

سرکار دو عالم ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف متحدہ ضلع و مستقر محبوب نگر میں ایک روزہ بند کامیاب

29 اکتوبر، محبوب نگر (آداب تلنگانہ نیوز)سرکار دو عالم ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف آج متحدہ ضلع محبوب نگر میں تجارتی و تعلیمی ادارے، پٹرول پمپس اور دینی مدارس صبح سے دوپہر 2 بجے تک بند رکھے گئے۔ اس پرامن بند کی اپیل کل جماعتی مسلمانوں کی جانب سے ممتاز عالم دین اور سینیئر صحافی، مولانا محمد محسن پاشاہ نقشبندی  کامل الحدیث جامعہ نظامیہ (جنرل سیکریٹری، کل ہند سنی علماء و مشائخ بورڈ) کی قیادت میں کی گئی تھی۔ اس میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر ابنائے وطن نے بھی تعاون کیا۔

بند کے بعد گھڑیال چوراہا محبوب نگر پر مولانا محسن پاشاہ نقشبندی کی صدارت میں ایک پرہجوم صحافتی کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں مولانا محسن پاشاہ نے کل ضلع کلکٹریٹ پر پہنچ کر صدر جمہوریہ ہند شریمتی دروپدی مرمو کے نام ایک یادداشت ضلع کلکٹر کے ذریعہ پیش کیے جانے کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر جمہوریہ نے حال ہی میں مذہبی رہنماؤں کے خلاف گستاخی کے واقعات پر سخت قانون سازی کی تجویز دی ہے۔ اس موقع پر مولانا محسن پاشاہ نے اسد العلماء کی قیادت میں مکمل بند کے انعقاد پر دینی مدارس، تعلیمی اداروں، تجارتی برادری اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

سینیئر سیاسی رہنما خواجہ فیاض الدین انوار پاشاہ (سرپرست، ملی محاذ) نے بند کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ عوام نے مولانا محسن پاشاہ کی قیادت میں متحد ہو کر اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا ہے۔ مجلس انتظامی جامع مسجد کے صدر محمد ثناء اور مسلم لیگ محبوب نگر کے صدر مرزا قدوس بیگ نے شہر میں بند کی نگرانی کے لئے موٹر گاڑیاں مقرر کرنے کی تفصیلات بیان کیں۔

مسلم لیگ کے محمد صادق حسین نے کہا کہ آج کا پرامن بند اسد العلماء مولانا محسن پاشاہ نقشبندی کی قیادت میں منعقد کیا گیا جس پر ہم بارگاہ خداوندی میں شکر گزار ہیں۔ دیگر جماعتوں کے قائدین جن میں سید محسن، عبد اللہ سنی، مولانا حافظ محمد امیر نقشبندی، محمد نوراللہ خان، محمد عبدالمعز، محمد متین الرحمٰن اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور گستاخان رسول کے خلاف حکومتی عدم کاروائی پر اپنے گہرے تحفظات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر دارالعلوم صوفیہ کے بانی حضرت شاہ محمد عبدالعزیز معدومؔ، جمعیۃ القریش کے صدر محمد عبدالرحمن قریشی، اقلیتی قائد محمد عابد محی الدین، صدر ایمان کمیٹی محمد سلیم، ٹیم سماجی جہد کار کے صدر طیب باشواعر اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

صحافتی کانفرنس کے آخر میں مولانا محسن پاشاہ نقشبندی نے ملت اسلامیہ کی والہانہ عقیدت اور محبت کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button