ریونت ریڈی کا دور تاریخ میں غلطیوں کے دور کے طور پر یاد رکھا جائے گا: کے ٹی آر
بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ کی کانگریس حکومت پر شدید تنقید، عوام کو درپیش مشکلات اور حکومتی ناکامیوں کو اجاگر کیا
حیدرآباد، 22 اکتوبر 2024:بی آر ایس (بھارت راشٹرا سمیتی) کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کانگریس حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ناقص حکمرانی اور غلط فیصلوں نے عوام کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو اپل اسمبلی حلقہ کے ناچارم میں واقع پیڈا چیروو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (STP) کا دورہ کے موقع پر خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے ریاست میں عوام کو درپیش بدترین حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کی پالیسیوں اور فیصلوں میں پائی جانے والی سنگین خامیوں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی ناکامیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ریونت ریڈی حکومت کا دور تاریخ میں غلطیوں کے دور پر یاد رکھا جائیگا۔
کے ٹی آر نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پہلی بار ایسے افسوسناک مناظر سامنے آئے ہیں جو نہ صرف باعثِ شرم بلکہ حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کی عکاسی کرتے ہیں۔
ریاست میں پہلی مرتبہ ایسے واقعات دیکھنے میں آرہے ہیں جو شرمناک ہیں۔ پولیس اہلکار ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہو رہے ہیں، کانگریس کے کارکن آپس میں لڑ رہے ہیں اور خواتین بسوں میں ایک دوسرے سے جھگڑ رہی ہیں۔ یہ واقعات کانگریس کی ناقص حکمرانی اور بدانتظامی کو عیاں کرتے ہیں۔
کے ٹی راما راؤ نے مزید کہا کہ ریاست کو مستحکم قیادت کی ضرورت ہے، مگر موجودہ حکومت نے عوامی مسائل کو نظرانداز کیا اور اپنی اندرونی کشمکش میں الجھ کر انتظامیہ کو ناکام بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ عمل ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔