تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے قیام میں اہم پیشرفت

میگھا انجینئرنگ انفراسٹرکچر لمیٹیڈ کے وفد کی سکریٹریٹ میں چیف منسٹر سے ملاقات

ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے قیام میں اہم پیشرفت
میگھا انجینئرنگ انفراسٹرکچر لمیٹیڈ کے وفد کی سکریٹریٹ میں چیف منسٹر سے ملاقات
سی ایس آرفنڈ200کروڑروپئے سے عمارتوں کی تعمیر کا اعلان ۔یادداشت مفاہمت پر دستخط

حیدرآباد۔26اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)حیدرآباد میں باوقار ینگ انڈیا اسکلس یونیورسٹی کے قیام میں بہت بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔میگھا انجینئرنگ انفراسٹرکچر لمیٹیڈ (ایم ای آئی ایل)ریاستی حکومت کی سب سے زیادہ اہمیت کی حامل باوقار اسکل یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کےلئے آگے آئی ہے۔میگھا کمپنی نے مکمل یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر کےلئے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر)کے تحت 200کروڑ روپئے فنڈ کا اعلان کیا۔کمپنی نے یونیورسٹی کیمپس میں تمام درکار عمارتوں کی تعمیر کی ذمہ داری لی ہے۔کمپنی نے اعلان کیاکہ وہ اسکلس یونیورسٹی کو جدید ترین بنیادی سہولتوں کے ساتھ تعمیر کرے گی۔ایم ڈی کرشنا ریڈی کی قیادت میں میگھا کمپنی کے نمائندوں کی ایک ٹیم نے آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ایک اجلاس کا انعقادعمل میںآیا۔اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر ووزیر فینانس ملو بھٹی وکرامارکا ‘ریاستی وزراءڈی سریدھر بابو‘اتم کمار ریڈی‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی‘ پی سرینواس ریڈی اور انیل کمار یادو رکن راجےہ سبھا بھی موجود تھے۔میگھا کمپنی نے اسکلس یونیورسٹی کی تعمیر میں شراکت دار کے طور پر شمولیت کے خصوص میں ریاستی حکومت سے بات چیت کی ۔کمپنی کے منتظمین نے اعلان کیاکہ اسکلس یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر عالمی معیار کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر یونیورسٹی عمارتوں کی تعمیر کےلئے ریاستی حکومت کے ساتھ یادداشت مفاہمت (ایم او یو)پرچیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری ‘اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر وی ایل وی ایس ایس سباراﺅکی موجودگی میں دستخط ثبت کئے گئے۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جارےہ سال ماہ اگست میں کندوکورمنڈل کے میرخان پیٹ کے قریب 57ایکر اراضی پر اسکل یونیورسٹی کی تعمیر کےلئے بھومی پوجا کی تھی۔حکومت نے طلبہ کوعصری تدریسی سہولیات کے بشمول تمام سہولتوں کی فراہمی کےلئے کیمپس کی تعمیر کا فیصلہ کیاہے۔چیف منسٹر نے میگھا کمپنی کوسی ایس آر فنڈس سے یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر کےلئے آگے آنے پر مبارکباد پیش کی۔میگھا کمپنی کے ایم ڈی کرشنا ریڈی نے کہاکہ ان کی کمپنی ہاسٹل بلڈنگس کے علاوہ تعلیمی عمارتیں ‘ورک شاپس اور کلاس رومس کی بھی تعمیر عمل میں لائے گی۔یونیورسٹی کی عمارت کے ماڈلس اور ڈیزائنس بھی اجلاس میں پیش کئے گئے جوکہ پہلے ہی آرکیٹکٹس کے ذریعہ تیار کئے جاچکے ہیں۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اندرون ہفتہ عمارت کے ڈیزائن کو قطعی شکل دیں اور 8نومبر سے یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کے آغاز کےلئے اقدامات روبہ عمل لائیں۔انہوںنے ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ مدد کا یقین دلایا۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button