مرکز کے وعدوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے تلنگانہ کی چیف سکریٹری کا دورہ دہلی
تلنگانہ ریاست سے آندھرا پردیش تنظیم نو ایکٹ 2014 کے تحت کیے گئے وعدوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے اور مرکز سے نمائندگی کے لیے تلنگانہ کی چیف سکریٹری محترمہ شانتی کماری 24 اکتوبر کو دہلی کا دورہ کریں گی۔ اس دورے کا مقصد مرکزی حکومت کی جانب سے دی گئی ضمانتوں پر عمل درآمد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا ہے۔
آندھرا پردیش تنظیم نو ایکٹ کے 13ویں شیڈول میں اس وقت کی مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو تعلیم اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق سات کلیدی وعدے کیے تھے، جنہیں 10 سال کے اندر مکمل کرنے کا عہد کیا گیا تھا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی وزارت داخلہ کے سکریٹری کریں گے، جہاں مختلف مرکزی محکموں کے سکریٹریز اور سینئر عہدیدار ان منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔
مرکزی حکومت کے وعدے:
- ٹرائبل یونیورسٹی: تلنگانہ میں قبائلی تعلیم کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کا قیام۔
- ہارٹیکلچر یونیورسٹی: باغبانی کی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کی بنیاد۔
- ریل کوچ فیکٹری: قاضی پیٹ میں ریل کوچ فیکٹری کا قیام۔
- اسٹیل فیکٹری: بیارم میں ایک اسٹیل فیکٹری کی تعمیر۔
مرکزی حکومت نے ان منصوبوں کے لیے ضروری فنڈز کی فراہمی کا وعدہ بھی کیا تھا۔ اجلاس میں دونوں ریاستی اور مرکزی حکام موجودہ پیشرفت کا جائزہ لیں گے اور باقی ماندہ کاموں کو تیز کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کریں گے۔