جرائم و حادثات

اے پی:پٹرول حملہ کی شکار لڑکی کی علاج کے دوران موت

اے پی:پٹرول حملہ کی شکار لڑکی کی علاج کے دوران موت

آندھراپردیش میں پٹرول حملہ کی شکار لڑکی کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ضلع کڑپہ کے بدویل سے تعلق رکھنے والی یہ لڑکی علاج کے دوران رمس اسپتال میں چل بسی۔گذشتہ روز طالبہ پر وگنیش نامی نوجوان نے پٹرول ڈال کر آگ لگا دی تھی۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ لڑکی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ ملزم نے شادی کے لیے دباؤ ڈالنے پر اس پر حملہ کیا۔ اس نے لڑکی کو بات کرنے کے بہانے طلب کیا اورپھر اس پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔ ضلع ایس پی ہرش وردھن راجو کے مطابق 18 سالہ متاثرہ لڑکی ایک پرائیویٹ کالج میں انٹرمیڈیٹ کے سال اول کی طالبہ تھی۔ وگنیش جو کہ کڑپہ کے ایک ہوٹل میں باورچی کا کام کرتا تھا، لڑکی کا بچپن کا دوست تھا۔ وگنیش کی شادی ہو چکی تھی اور اس کی بیوی حاملہ تھی۔ اس نے طالبہ کو فون کیا اور کہا کہ وہ اس سے ہفتہ کو ملاقات کرے ورنہ وہ خودکشی کر لے گا۔ اس دھمکی پر طالبہ نے کالج سے واپس آٹو میں روانگی کے دوران وگنیش کو راستے میں بٹھا لیا۔ دونوں بدویل سے 10 کلومیٹر دور پی پی کنٹا چیک پوسٹ پر اترے اور قریبی جنگلی جھاڑیوں میں چلے گئے۔ کچھ دیر بعد وگنیش نے لڑکی پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی اور فرار ہو گیا۔ بعض خواتین نے اس منظر کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔لڑکی کو فوری طور پر مقامی سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے بہتر علاج کے لیے کڑپہ رمس اسپتال منتقل کیا گیا۔ لڑکی 80 فیصد جھلس چکی تھی اور علاج کے دوران اتوار کی صبح اس کی موت ہوگئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button