تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

موسیٰ ندی پروجیکٹ خوبصورتی کےلئے نہیں بلکہ بحالی کےلئے ہے

حیدرآباد کو عالمی مسابقتی شہر بنانے کا عزم ۔سکریٹریٹ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس

موسیٰ ندی پروجیکٹ خوبصورتی کےلئے نہیں بلکہ بحالی کےلئے ہے
حیدرآباد کو عالمی مسابقتی شہر بنانے کا عزم ۔سکریٹریٹ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔17اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام کے مستقبل ‘ریاست اور ملک کی معیشت کی ترقی کی رفتار میں اضافہ کےلئے اقدامات کا آغاز کیاگیاہے۔وہ سکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کررہے تھے۔ریونت ریڈی نے کہاکہ موسیٰ کیچمنٹ ایریا میں 33گروپوں نے غریبوں کے مسائل کی نشاندہی کی۔ہم غریبوں کی حالت زار سے واقف ہوچکے ہیں ۔غریب افراد بدبواور کسمپرسی کے عالم میں زندگی بسر کررہے ہیں۔چیف منسٹر نے کہاکہ ہم حیدرآباد کو ایسا شہر بنائیںگے جوکہ عالمی مسابقتی ہو۔انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت کے پاس روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ غریبوں کی مدد کےلئے ایک مکمل آئیڈیا ہے ۔پنڈت جواہر لال نہرو نے تعلیم اور آبپاشی میں انقلاب بپا کیاتھا ۔کانگریس کے ویژن نے ملک کو دنیا سے مسابقت کی طاقت عطا کی۔ریونت ریڈی نے کہاکہ ملک میں تکنیکی انقلاب لانے کا سہرا راجیو گاندھی کے سر جاتاہے۔انہوںنے کہاکہ پی وی نرسمہا راﺅ نے سرماےہ کاری کو لبرالائزکرنے کی پالیسی متعارف کی۔چند گوشوں نے پنڈت جواہر لال نہرو ‘راجیو گاندھی اور پی وی نرسمہا راﺅ کی جانب سے متعارف کردہ پالیسیوں کی مخالفت کی تھی تاہم ان پالیسیوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔چیف منسٹر نے کہاکہ موسیٰ ندی پروجیکٹ خوبصورتی کےلئے نہیں ہے بلکہ موسیٰ ندی کی بحالی کےلئے روبہ عمل لایاجارہاہے۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ عوام کو گندگی سے محفوظ رکھاجائے۔ہمارا مقصد عوام کے معیار زندگی کو بہتر بناناہے۔انہوںنے کہاکہ موسیٰ ندی کو نئی زندگی دینے کےلئے پروجیکٹ پر عمل کیاجارہاہے۔ہمارا مانناہے کہ موسیٰ کیچمنٹ ایریا کے عوام کے مسائل حل کرکے انہیں منتقل کیاجائے۔زائد از1600مکانات موسیٰ ندی کے کنارے واقع ہےں۔دسہرے کے موقع پر ہم نے مکانا ت فراہم کئے۔ اخراجات کےلئے رقم دی اور عوام کو یہاں سے منتقل کیا۔انہوںنے کہاکہ بفرزون میں واقع ہزاروں خاندانوں کی باز آباد کاری کےلئے بھی اقدامات کئے جائیںگے۔ چیف منسٹر نے پرزورانداز میں کہاکہ عوام ہی فیصلہ کریںگے کہ ہم پانچ سال رہیںگے یا دس سال ۔انہوںنے کہاکہ اگر سیلاب آئے گا تو شہر نہیں بچے گا۔میرا کسی کو دھوکہ دینے کا ارادہ نہیں ہے۔ہماری حکومت کا نظرےہ آمدنی میں اضافہ اور اسے غریبوں میں تقسیم کرناہے ۔انہوںنے کہاکہ موسیٰ ندی کا زہر نہ صرف حیدرآباد بلکہ نلگنڈہ میں بھی پھیل رہاہے۔ انہوںنے کہاکہ موسیٰ ندی کے حوالے سے پروجیکٹ رپورٹ کی تیاری کےلئے پانچ کمپنیاں موجود ہیں۔موسیٰ ندی کے احیا ءکے ساتھ ساتھ درکار فنڈس کے تخمینہ کےلئے رپورٹ تیار کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ موسیٰ ندی کے احیاءپر بات کرنے کےلئے اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے انعقاد کےلئے بھی ہم تیار ہیں۔حکومت موسیٰ ندی کے علاقہ کے عوام کی مدد کےلئے تیار ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت کو تجاویز پیش کی جائیں۔ چیف منسٹر نے مجلس اتحاد المسلمین ‘بی جے پی ‘بی آرایس اور کمیونسٹ پارٹیوں کے صدور سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کاشک وشبہ ہونے پرانہیں بتائیں۔حکومت تحریری وضاحت پیش کرنے کےلئے تیار ہے۔اس موقع پر ریاستی وزراءپی سرینواس ریڈی ‘سریدھر بابو ‘رکن راجےہ سبھا انیل کمار یادو‘چیف سکریٹری شانتی کماری اور دوسرے موجود تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button