تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

بی آرایس ‘گروپI مینس امیدواروں کے ساتھ کھڑی رہے گی

ریاستی حکومت ہٹ دھرمی کے بجائے طلبہ کے حق میں مثبت فیصلہ کرے:کے ٹی آر

بی آرایس ‘گروپI مینس امیدواروں کے ساتھ کھڑی رہے گی
ریاستی حکومت ہٹ دھرمی کے بجائے طلبہ کے حق میں مثبت فیصلہ کرے:کے ٹی آر

حیدرآباد۔17اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے گروپ I مینس کے تمام امیدواروں کو یقین دلایاکہ ان کی پارٹی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔کے ٹی آر نے آج ریاستی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ امتحانات کی تواریخ کی دوبارہ ترتیب کےلئے امیدواروں کی درخواست پر مثبت غور خوض کرے۔انہوںنے استفسار کیاکہ امیدواروں کی جانب سے امتحانات کو ”ری شیڈول “کرنے کی درخواست کے باوجود ریاستی حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیوں کررہی ہے۔انہوںنے اشوک نگر میں احتجاجی امیدواروں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور گرفتار شدگان کی فی الفور رہائی اور امیدواروں پر درج کردہ مقدمات سے دستبرداری اختیا ر کرنے کا مطالبہ کیا۔راماراﺅ نے تلنگانہ بھون میں گروپ Iمینس کے امیدواروں سے ملاقات کی۔واضح رہے کہ گروپIمینس کے امیدواروں نے کے ٹی آر سے تائید وحمایت کی اپیل کی تھی۔کے ٹی آر نے امیدواروں کو یقین دلایاکہ بی آرایس پارٹی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ضروری قانونی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔اجلاس کے دوران امیدواروں نے امتحانات کے خصوص میں حکومت کے سخت موقف اور جی او 29کے معاملہ میںآئینی مسائل سے واقف کروایا۔انہوںنے ایس سی ‘ایس ٹی طلبہ کے تحفظات کے معاملہ میں بھی ناانصافیوں کو اجاگر کیا۔امیدواروں نے کارگزار صدر بی آرایس کو بتایاکہ گروپIمینس امتحانات سے متعلق 22مقدمات عدالت میں زیر التواءہیں۔ اس کے باوجود حکومت امتحانات کے انعقاد پر مُصر ہے۔انہوںنے اس یقین کا اظہار کیاکہ اگر وہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہیں تو امتحانات منسوخ ہونے کا قوی امکان ہے۔تمام قانونی مسائل کی یکسوئی کے بعد ہی امتحانات کے انعقاد کی اپیل کے باوجود حکومت سردمہری اور بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔گروپI کے امیدواران نے کل رات اس معاملہ میں سڑکوں پر صدائے احتجاج بلند کیااور کے ٹی آر سے ان کی تائید وحمایت کی اپیل کی تھی تاکہ حکومت پر امتحانات کی تواریخ میں تبدیلی کےلئے دباﺅ ڈالا جاسکے۔کے ٹی آر اشوک نگر کا دورہ کرنے کی توقع تھی تاکہ امیدواروں سے ملاقات کی جاسکے تاہم اشوک نگر علاقہ کو پولیس چھاﺅنی میں تبدیل کردیاگیاہے۔یہی وجہ ہے کہ گروپIکے امیدواروں نے تلنگانہ بھون میں کے ٹی آر سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے واقف کروایا۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button