فیس ری ایمبرسمنٹ کی عدم ادائیگی کے باعث عادل آباد کے ڈگری کالجس کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال ۔کالج مینجمنٹ اسوسی ایشن کی پریس کانفرنس
فیس ری ایمبرسمنٹ کی عدم ادائیگی کے باعث عادل آباد کے ڈگری کالجس کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال ۔کالج مینجمنٹ اسوسی ایشن کی پریس کانفرنس
عادل آباد 15/اکٹوبر (آداب تلنگانہ نیوز/نامہ نگار عمیم شریف)
عادل آباد پی ۔جی اور ڈگری کالج مینجمنٹ اسوسی ایشن کے رہنما و چیرمین کریسنٹ گروپ آف انسٹیٹیوشن عادل آباد محمد بلال نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں سے فیس ری ایمبرسمنٹ کی عدم ادائیگی کے باعث ڈگری کالجس انتظامیہ کی مالی حالت خستہ ہے۔انہوں نے منگل کے روز کالج مینجمنٹ اسوسی ایشن کے نمائندوں کے ہمراہ عادل آباد پریس کلب میں منعقد میڈیا سے خطاب کیا۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی کمیٹی کی ہدایت کے مُطابق عادل آباد ضلع مستقر میں 14/اکٹوبر سے پرائیویٹ ڈگری اور پی جی کالجس غیر معینہ مدت کے لیے بند ہیں۔انہوں نے بتایاکہ غیر معینہ مدت کی ہڑتال آج دوسرے دن میں پہنچ گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے تین سالوں سے زیر التواء فیس ری ایمبرسمنٹ ادائیگی نہیں کی جا رہی ہیں۔محمد بلال نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ان کی شکایت کا جواب نہ دینے پر اس ماہ خانگی کالجوں کے انتظامیہ نے تلنگانہ یونیورسٹی اکیڈمک آڈٹ سیل کے ڈائریکٹر کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کا نوٹس دیا تھا۔۔انہوں نے بتایا کہ دسہرہ تعطیلات کے بعد تمام پی ۔جی اور ڈگری کالجس کو بند رکھتے ہوئے احتجاج کیا جا رہا ہے۔۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومت نے کالجوں کو پچھلے تین سالوں سے فیس ری ایمبرسمنٹ بقایاجات جاری نہیں کیے ہیں،اس وجہ سے ریاست کے ڈگری کالج جو کہ اس اسکیم سے مکمل طور پر چل رہے ہیں، مالی پریشانی کا شکار ہیں،اسٹاف کی تنخواہیں،عمارتوں کے کرایوں کی ادائیگی کرنا مشکل ہو رہا ہے،اس سلسلہ میں حکام اور وزراء سے بارہا نمائندگی کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا،اسی لئے ریاستی سطح پر ڈگری اور پی جی کالجوں کو غیر معینہ مددت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔انہوں نے ریاستی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ طلباء کی تعلیم اور مستقبل کی فکر کرتے ہوئے بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔انہوں نے ریاستی حکومت سے زیر التواء فیس ری ایمبرسمنٹ کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈگری کالجوں کو حکومت کی جانب سے فیس ریمبرسمنٹ بقایا جات کی ادائیگی تک پرائیویٹ ڈگری اور پی جی کالجوں کا بند جاری رہے گا۔اس موقع پر تلنگانہ پرائیویٹ ڈگری کالجز اسوسی ایشن کے ذمہ داران ہنمندلو کرشنا وینی ڈگری کالج،پربھاکر ریڈی ودھیارتی کالج،پننا راؤ نلندہ کالج،گوپال واگدیوی کالج و دیگر موجود تھے۔