تلنگانہ میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی تشکیل کےلئے اقدامات
چیف سکریٹری شانتی کماری کی صدارت میں اجلاس۔مختلف امور پر تفصیلی غور وخوض
تلنگانہ میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی تشکیل کےلئے اقدامات
چیف سکریٹری شانتی کماری کی صدارت میں اجلاس۔مختلف امور پر تفصیلی غور وخوض
حیدرآباد۔15اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری نے سینئر عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا اور ریاست میں تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی تشکیل کی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ ریاست میں حالےہ سیلاب اورڈوب جانے کے واقعات کے تناظر میں چیف منسٹر نے تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی تشکیل کی ہدایت دی ہے۔ جس کے تحت فائر ڈپارٹمنٹ کی دس ٹیمیں اور تلنگانہ اسپیشل پولیس بٹالین کی دس کمپنیوں کو استعمال کرتے ہوئے تقریباً2000افراد پر مشتمل ایک مضبوط فورس بنائی جائے گی۔اس سلسلہ میں درکار بجٹ بھی منظور کیاگیاہے۔اسی مناسبت سے آج اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیاگیاجس میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جتیندر ‘اسپیشل چیف سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ اروند کمار اور دیگر سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیف سکریٹری نے عملہ کو تربیت کی فراہمی کی ضرورت پر زوردیاتاکہ وہ سیلاب ‘آتشزدگی اور اسی طرح کے دیگر آفات کے دوران چوکس اور تیار رہ سکیں۔انہوںنے کہاکہ عملہ کے پہلے بیاچ کی تربیت کا آغاز آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ سے ہوناچاہئے۔اجلاس میں بچاﺅ کارروائی کےلئے درکار گاڑیوں ‘بچاﺅ آلات ‘شخصی حفاظتی پوشاک اور دیگر آلات کی خریدی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ڈی جی فائر سرویسس ناگی ریڈی نے بتایاکہ فائر ڈپارٹمنٹ کی دس ٹیموں کو درکار آلات اور تربیت کی فراہمی کے ذریعہ ایس ڈی آر ایف اسٹیشنوں میں اپ گریڈ کیاجائے گا۔اسی طرح ٹی جی ایس پی بٹالینس (ہر کمپنی 100اہلکاروں پر مشتمل ہوگی)کے جملہ 1000اہلکاروں کو فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے مماثل تربیت فراہم کی جائے گی اور انہیں مطلوبہ اور ہنگامی حالات میں متعلقہ مقامات پر متعین کیا جائے گا۔انہوںنے مزید بتایاکہ تربیت کےلئے این ڈی آرایف کی خدمات حاصل کی جائےںگی۔