کے ٹی آر کی انسانی ہمدردی سے متاثر ہوکر این آرآئی وینکٹ کا فراخ دلانہ عطیہ
ونپرتی کی طالبہ گوری کو طبی تعلیم کے حصول کےلئے 1.65لاکھ روپئے کی مالی امداد
حیدرآباد۔14اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ کی انسانی ہمدردی سے متاثر ہوکر تلنگانہ این آرآئی ڈی وینکٹ نے ضلع ونپرتی کی غریب طالبہ بی گوری کو ایم بی بی ایس کی تعلیم کے حصول کےلئے مالی مدد فراہم کی۔
کے تارک راماراﺅ نے وینکٹ کے والد رویندر کے ہمراہ آج حیدرآباد میں گوری کو اس کے والدین کی موجودگی میں 1.65لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا۔ویپاناگنڈلا منڈل کے کلوارالا موضع کی ساکن گوری کو میڈیکل نشست حاصل ہوئی۔
تاہم گوری کے خاندان کی مالی حالت بہتر نہ ہونے کے باعث اسے سال اول کی فیس کی ادائیگی میں مشکلات کا سامناتھا۔ےہ معاملہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ کے ٹی آر تک پہنچا۔کے ٹی آر نے گوری کی تعلیم کےلئے شخصی طورپر مدد کا یقین دلایا۔
سابق ریاستی وزیر کی انسانی ہمدردی سے متاثر ہوکر این آر آئی وینکٹ نے گوری کے پہلے سال کی مکمل فیس کی ادائیگی کا وعدہ کیا اور اپنی سالگرہ کے موقع پر رقم کا بندوبست کیا۔
راماراﺅ نے لڑکی کی تعلیم میں مدد کےلئے فراخ دلانہ تعاون پر وینکٹ کے خاندان کو مبارکباد پیش کی ۔کے ٹی آر نے گوری کے والد کی بھی ستائش کی جوکہ ایک زرعی مزدور ہونے کے باوجود حصول تعلیم کےلئے اپنی بیٹی کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔گوری نے طبی تعلیم کے حصول میں مالی مدد پر راماراﺅ اور وینکٹ کے خاندان کا شکریہ اداکیا ۔
#KTR’s humanitarian gesture inspires NRI Venkat’s generous donation