تلنگانہ میں 6ضمانتوں پرعمل کا مطالبہ۔راہل گاندھی کو پوسٹ کارڈس بھیجے گئے
تلنگانہ میں 6ضمانتوں پرعمل کا مطالبہ۔راہل گاندھی کو پوسٹ کارڈس بھیجے گئے
کانگریس پارٹی کی جانب سے انتخابات کے دوران دی گئی 6 ضمانتوں پر عمل کرنے میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈرراہل گاندھی کو پوسٹ کارڈس روانہ کئے گئے۔تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے ایچوڑا منڈل کے مکھرا(کے) گاؤں میں رہنے والوں نے راہل گاندھی اوروزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی کو پوسٹ کارڈس روانہ کئے۔ پوسٹ کارڈس میں مقامی افرادنے لکھا کہ کانگریس نے اپنے انتخابی وعدے پورے نہیں کیے، جن میں خواتین کو ماہانہ 2500 روپے پنشن، کلیانا لکشمی اسکیم کے استفادہ کنندگان کو ایک تولہ سونا، خاتون گریجویٹس کو اسکوٹی، کسانوں کو فی ایکڑ 15,000 روپے، کسانوں کے2 لاکھ روپے تک کے قرضوں کی معافی اور سماجی تحفظ کی پنشن کی رقم 2000 روپے سے بڑھا کر 4000 روپے کرنے کے وعدے شامل تھے۔ مقامی افرا دنے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار سنبھالنے کے 100 دنوں کے اندر یہ 6 ضمانتیں پوری کی جائیں گی تاہم، ابھی تک پارٹی نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔انہوں نے اعلان کیا کہ اگر پارٹی نے جلد اپنے وعدے پورے نہیں کئے تو وہ دہلی کے جن پتھ پر دھرنا دیں گے۔اسی دوران بی آر ایس کے کارگذارصدر کے ٹی راما راؤ نے مقامی افراد کے انوکھے احتجاج پر ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا”عوام کانگریس کی دھوکہ دہی کو بخوبی سمجھ رہے ہیں۔ عادل آباد ضلع کے مکھراگاؤں کے افرادنے راہل گاندھی کو لکھا ہے کہ وہ تلنگانہ میں 6ضمانتوں پرفوری طور پر نفاذ شروع کریں۔ حکومت بننے کے 100 دنوں کے اندر 6ضمانتوں پر عمل درآمد کا وعدہ کیا گیا تھا۔ اب 300 دن سے زیادہ گزر چکے ہیں اور ابھی تک کوئی پیش رفت کے آثار نہیں ہیں! لوگ آپ کی دھوکہ دہی کو صاف طور پر دیکھ رہے ہیں، مسٹر گاندھی“۔