تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ریاستی حکومت شعبہ صحت وطبابت پر خصوصی توجہ مرکوز کرے

ریاستی حکومت شعبہ صحت وطبابت پر خصوصی توجہ مرکوز کرے
سرپور ٹی میں پرائمری ہیلت سنٹرس کا کوئی پرسان حال نہیں ۔بی آرایس لیڈر پروین کمار کا دورہ ۔حکومت پر شدید تنقید

حیدرآباد۔11اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) بی آرایس لیڈر ڈاکٹر آرایس پروین کمار نے حلقہ اسمبلی سرپور ٹی میں کمیونٹی ہیلت سنٹر اور پرائمری ہیلت سنٹر س میں عملہ کی کمی اور ناکافی انفراسٹرکچر پر حکومت کو شدید ہدف تنقید بنایا۔پروین کمار نے آج سرپور ٹی ٹاﺅن میں ایک کمیونٹی ہیلت سنٹر کا معائنہ کیا۔انہوںنے کہاکہ کمیونٹی ہیلت سنٹر کی 100سالہ تاریخ ہے۔ہیلت سنٹر میں نہ ہی اسٹاف اور نہ ہی مناسب تعداد میں ڈاکٹرس ہی موجود ہیں۔یہاں بنیادی سہولتوں کی بھی کمی ہے۔پروین کمار نے کہاکہ ہیلت سنٹر ڈیجیٹل ایکسرے مشینوں اور دیگر آلات سے لیس نہیں ہے جس کی وجہ سے غریب مریضوں کو منچریال اور کریم نگر اضلاع کے خانگی دواخانوں کا رخ کرناپڑرہاہے جس کی وجہ سے غریبوں پر بھاری مالی بوجھ عائد ہورہاہے۔بی آرایس لیڈرپروین کمار نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور وزیر صحت اے دامودرراج نرسمہا کو مشورہ دیاکہ وہ چھ ضمانتوں کے بجائے تلنگانہ میں پہلے طب وصحت کے شعبہ پر توجہ مرکوز کرے۔انہوںنے کہاکہ ریاست میں عوام کی زندگیوں کی فکر کی جائے۔انہوںنے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہاکہ عوام طب وصحت کی مناسب سہولتیں نہ ہونے کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔آئی پی ایس عہدیدار سے سیاستداں بننے والے پروین کمار نے شعبہ صحت کو نظر انداز کرنے پر مقامی رکن اسمبلی ہریش بابو کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔انہوںنے کہاکہ ہریش بابو پیشہ کے اعتبار سے ڈاکٹر بھی ہیں تاہم وہ اپنے حلقہ میں طب وصحت کی خدمات کو بہتر بنانے میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کررہے ہیں۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ غریب عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کےلئے بحیثیت رکن اسمبلی اقدامات روبہ عمل لانے کے بجائے ہریش بابو خود کے دواخانہ کو فروغ دینے میں دلچسپی دکھارہے ہیں۔پروین کمار نے نشاندہی کی کہ سرپور ٹی کے پرائمری ہیلت سنٹر س میں عملہ کی کمی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔پروین کمار نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ کمیونٹی اور پرائمری ہیلت سنٹرس میں مخلوعہ جائیدادوں پر فی الفور تقررات عمل میں لائے جائیں۔طبی سہولتوں کے علاوہ انفراسٹرکچر کے فروغ کےلئے اقدامات روبہ عمل لائے جائیں۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button