تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

پدا پلی کے چائے فروش مہیش پانچ سرکاری ملازمتوں کےلئے منتخب

پدا پلی کے چائے فروش مہیش پانچ سرکاری ملازمتوں کےلئے منتخب

حیدرآباد۔7اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)ضلع پدا پلی کے دھرمارم منڈل کے ایک چائے فروش شیوا مہیش کا صرف چھ ماہ کے قلیل عرصہ میں پانچ سرکاری ملازمتوں کےلئے انتخاب عمل میں آیا۔شیوا مہیش ‘ جنرل جونیئر لکچرر ‘ڈی ایس سی‘گروکلم جے ایل‘پوسٹ گریجویٹ ٹیچر اور ٹرینی گریجویٹ ٹیچر کےلئے منتخب ہوئے ہیں۔وہ پہلے ہی ضلع نرمل کے مامڑہ گروکل اسکو ل میں ہندی کے لکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔شیوا مہیش ‘لکشمن اور سوشیلا کے فرزند ہیں جو دھرمارم منڈل ہیڈ کوارٹر کے ساکن ہیں۔اس جوڑے نے راجارام پلی کا رخ کیا اور اپنے افراد خاندان کی کفالت کےلئے چائے کا اسٹال کھولا۔شیوا مہیش نے دھرمارم گورنمنٹ ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی۔شیوا مہیش اسکولی تعلیم سے ہی ٹی اسٹال میں والدین کی مدد کرتے تھے۔ایس ایس سی کی تکمیل کے بعد وہ سادھنا جونیئر کالج سے انٹر میڈیٹ کی تکمیل کی اور کریم نگر میں ڈگری کی تعلیم مکمل کی۔انہوںنے سال 2020میں امبیڈکر یونیورسٹی سے مضمون ہندی میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔شیوا مہیش کی سال 2014میں سنیتا سے شادی ہوئی۔وہ ایک خانگی اسکول میں ٹیچر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔کورونا بحران کے دوران وہ ملازمت سے محروم ہوگئے اور شدید مالی مشکلات کا سامناکیا۔اس دورا ن شیوا مہیش نے اپنی بیوی اور بچہ کی کفالت کےلئے ٹی اسٹال کا قیام عمل میں لایا۔جب 2022میں گروکلم جے ایل کے اعلامےہ کی اجرائی عمل میں آئی تب شیوا مہیش نے ملازمت کے حصول کےلئے کوچنگ حاصل کرنے کافیصلہ کیا۔وہ مالی مشکلات کے باعث کوچنگ کے حصول سے دستبرداری اختیار کرنے ہی والے تھے کہ ان کے ایک دوست اے ملیش نے کوچنگ کےلئے مہیش کی مالی مدد کی۔مہیش نے آندھرا پردیش کے وجیا نگرم کے سائی ہندی کوچنگ سنٹر میں 45یوم تربیت حاصل کی ۔جب مہیش نے اپنی مالی حالت کے بارے میں واقف کروایا تب کوچنگ سنٹر کے حکام نے مفت کوچنگ کی فراہمی سے اتفاق کیا۔کوچنگ کے دوران مہیش نے کریم نگر ڈسٹرکٹ لائبریری میں باقاعدگی سے امتحانات کی تیاری کی۔وہ پانچ روپےہ میں فراہم کئے جانے والا کھانا کھاتے اور دن میں 14گھنٹے پڑھائی کرتے۔مہیش نے اگست2023میں گروکلم کے امتحانات میں شرکت کی اور جے ایل ہندی میں چوتھا‘پی جی ٹی اور ٹی جی ٹی میں نواں رینک حاصل کیا۔بعدازاں انہوںنے جنرل جے ایل میں ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا۔حال ہی میں اعلان کردہ ڈی ایس سی کے نتائج میں مہیش کو ضلعی سطح پر پہلا مقام حاصل ہوا۔شیوا مہیش نے بتایاکہ وہ اپنے افراد خاندان کے تعاون سے مذکورہ بالا سرکاری امتحانات میں کامیابی حاصل کئے ہیں۔شیوا مہیش نے کہاکہ سخت محنت اور جستجو کے ذریعہ ہدف کا حصول ممکن ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button