ملعون یتی نرسنگھانند کو گرفتار کرنے کا مطالبہ
عادل آباد کے مُختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے ذمے داران نے عادل آباد ون ٹاؤن میں شکایت درج کرائی
ملعون یتی نرسنگھانند کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عادل آباد کے مُختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے ذمے داران نے عادل آباد ون ٹاؤن میں شکایت درج کرائی
عادل آباد 05/اکتوبر (آداب تلنگانہ نیوز /نامہ نگار عمیم شریف)
عادل آباد کے مُختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں سے وابستہ ذمے داران اور عادل آباد کے غیور مسلمانوں نے شان رسالت میں گستاخی کرنے والے ملعون یتی نرسنگھانند کو گرفتار کرنے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے عادل آباد ون ٹاؤن کے رُوبرو ایک پُر امن دھرنا دیا۔اور ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر بی ۔سنیل کمار سے ملاقات کرتے ہوئے ملعون یتی نرسنگھا نند کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے انتہائی قابل مذمت، توہین آمیز، اور گستاخانہ بیان دینے پر فوجداری مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔دریں اثناء معاملہ کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ون ٹاؤن سی آئی نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے بات کرتے ہوئے جلد از جلد مقدمہ درج کرنے کا وعدہ کیا۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عادل اباد سابق میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی اور سماجی کارکن محمد ایوب نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہاکہ مسلمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی جان سے بھی زیادہ چاہتے ہیں،بحیثیت مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کو بالکل برداشت نہیں کرسکتا اور ان گستاخیوں پر اہل ایمان خاموش بھی نہیں رہ سکتے۔،ان کا کہناتھا کہ آئے دن ملک ہندوستان میں مذہب اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف نازیبہ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے ان تبصروں اور ملعونوں کے خلاف حکومت ہند کو لگام لگانا چاہیے تاکہ یہاں کی فضاء و امن مکدر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ
امن امان کو متاثر کرنے والے بیانا ت کا فوری نوٹ لے کر کاروائی کرتے ہوئے فوجداری مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسلمانوں کی کثیر تعداد نے ملعون سوامی یتی نرسنگھانند کے خلاف اپنے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بھی لگائے۔اس موقع پر ،سابق میونسپل وائس چیرمین ظہیر رمضانی،شیخ مجاہد المعروف پتی مجو،سماجی کارکن ایوب خان،فیض اللہ خان،حافظ افتخار،سید یعقوب،عبدالقدیر،تنویر خان،اِنتخاب عالم ،محمد محسن خان، عبدالوہاب،احسان چوش،سید شوکت،سید اقبال کے علاوہ شہر کے نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔