ڈیجیٹل کارڈس کی اجرائی کا فیصلہ، فلاحی اسکیمات سے مستحقین کو فائدہ پہنچانامقصد
ریاست بھر میں پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز ۔افتتاحی تقریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
ڈیجیٹل کارڈس کی اجرائی کا فیصلہ
فلاحی اسکیمات سے مستحقین کو فائدہ پہنچانامقصد
ریاست بھر میں پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز ۔افتتاحی تقریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔3اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) فیملی شناختی کارڈ اور فیملی ڈیجیٹل کارڈ س کی اجرائی کےلئے پائلٹ پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فیملی ڈیجیٹل کارڈ فلاحی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے کےلئے جاری کیاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت کی جانب سے 119حلقوں میں آج سے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز عمل میںآیا۔ریونت ریڈی نے کہاکہ ریاست کے عوام ایک عرصہ سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کےلئے درخواست کررہے تھے۔یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت نے غریبوں کو راشن کارڈس کی فراہمی کا فیصلہ کیاہے۔چیف منسٹر نے کہاکہ ہم نے دوسری ریاستوں کی پالیسیوں کا مطالعہ کیاہے اور نئی پالیسی وضع کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت فیملی ڈیجیٹل کارڈ میں 30اقسام کی معلومات کو ایک کلک پر دستیاب کروانے کےلئے اقدامات کررہی ہے۔ریاستی حکومت ایک ریاست ‘ایک کارڈ کی پالیسی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔اس پالیسی کے تحت ایسے تمام افراد کو فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہنچایاجائے گا جو اہل اور مستحق ہیں۔ریونت ریڈی نے کہاکہ فیملی ڈیجیٹل کارڈ آپ کے خاندانوں کےلئے ایک حفاظتی ڈھال ہوگا۔تمام فلاحی اسکیمات کو ایک کارڈ کے ذریعہ فراہم کیاجائے گا۔ےہ کارڈ تمام فلاحی اسکیمات جیسے راشن ‘آروگےہ شری‘فیس کی بازادائیگی ودیگر امور میں کارآمد رہے گا۔ فیملی ڈیجیٹل کارڈ میں سب کی ہیلت پروفائل بھی شامل کی جائے گی۔مذکورہ بالا امور میں دشواریوں کی نشاندہی کےلئے ہم نے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کیاہے۔ہم پائلٹ پروجیکٹ میں پیدا ہونے والے مسائل کی بنیاد پر رکاوٹوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ مسائل کی یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھیںگے۔ہم ہر حلقہ کےلئے ایک آرڈی او سطح کے عہدیدار کو نگران آفیسر کے طور پرمقرر کررہے ہیں۔چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت فیملی ڈیجیٹل کارڈ میں خاتون کو صدر خاندان کے طورپر شامل کررہی ہے۔ہم تما م غلطیوں کو دور کریںگے۔انہوںنے کہاکہ کانگریس کے دورحکومت میں کنٹونمنٹ کے مسئلہ کو حل کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت تقررات پر بھی خصوصی توجہ مرکوزکررہی ہے۔ہم شہر حیدرآباد کے تحفظ کے ارادے سے حیدرا اور موسیٰ پروجیکٹ شروع کررہے ہیں۔چیف منسٹر نے کہاکہ آج حیدرا پر آواز اٹھائی جارہی ہے جب اسمبلی میں حیدرا پر بحث ہوئی تب کیوں بات نہیں کی گئی ۔ریونت ریڈی نے کہاکہ ہم گندے ماحول میں زندگی بسر کرنے والے غریبوں کو گھر فراہم کررہے ہیں اور 25ہزار روپئے کی فراہمی کے ذریعہ ان کی عزت نفس اور وقار کو بڑھارہے ہیں۔ریونت ریڈی نے کہاکہ وہ 20سال عوام کے درمیان گزارے ہیں ۔انہیں غریبوں کی مشکلات اور تکالیف کا علم ہے۔انہوںنے کہاکہ سینکڑوں تالابوں پر قبضے کئے گئے ہیں ۔سیلاب کے نتیجہ میں لاکھوں خاندان مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمارے اقدامات شہر کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کےلئے ہیں۔میں غریبوں کا دکھ جانتاہوں ‘میں غریبوں کی آنکھوں میں آنسو دیکھنانہیں چاہتا۔ انہوںنے کہاکہ ہم حیدرآباد کے مستقبل کےلئے پروجیکٹ شروع کررہے ہیں۔موسیٰ ندی پروجیکٹ پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔