واحد ایجنڈہ کے ساتھ ازسرنو انتخابات کا راہول گاندھی کو چیلنج
موسیٰ ریور فرنٹ پروجیکٹ
واحد ایجنڈہ کے ساتھ ازسرنو انتخابات کا راہول گاندھی کو چیلنج
کانگریس کی انہدامی کارروائی دراصل غریبوں کی زندگیوں کے قتل کے مترادف۔کے ٹی آر کا ریمارک
حیدرآباد۔3اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے کانگریس قائد راہول گاندھی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایااور کہاکہ اگر راہول گاندھی میں دم ہے تو وہ موسیٰ ریور فرنٹ بیوٹیفیکیشن پروجیکٹ کے واحد ایجنڈہ کے ساتھ ازسرنو انتخابات کا اعلان کرکے دکھائیں۔کے ٹی آر کا چیلنج آج اس وقت سامنے آیا جب ایک سوشیل میڈیا صارف اولیرٹو ڈیگ نے Xپر پوسٹ کیا۔جس میں تجویزپیش کی گئی کہ اگر کانگریس حکومت فی الواقعی اس پروجیکٹ کی اہمیت پر ایقان رکھتی ہے تو اسے حکومت کو تحلیل کردیناچاہئے اور عوام سے دوبارہ خط اعتماد حاصل کرناچاہئے۔ سوشیل میڈیا صارف نے استدلال پیش کیاکہ کانگریس کا انتخاب مفت اسکیمات کے وعدوں کی بنیاد پر کیاگیاتھا اور کانگریس کو موسیٰ ریور فرنٹ پروجیکٹ کو ترجیح دینے کے بجائے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پرتوجہ مرکوز کرنی چاہئے۔سوشیل میڈیا پلیٹ فارمXپر متعدد پوسٹس میں راماراﺅ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت کے موسیٰ ریور فرنٹ پروجیکٹ کے معاملہ سے نمٹنے کے طریقہ کار پر شدید تنقید کی۔کانگریس کے روےہ کے باعث بڑے پیمانے پرغریب خاندان بے گھر ہورہے ہیں۔انہوںنے لکھاکہ کانگریس حکومت کی انہدامی کارروائی کی پیاس کے باعث غریب خاندان مشکلات کا شکار ہیں۔انہوںنے غریب خاندانوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس حکومت غریبوں کو مکانات سے بے دخل کرنے کے عوض ڈبل بیڈ روم مکان کے ساتھ معمولی معاوضہ 25ہزار روپئے کی پیشکش کررہی ہے جبکہ غریبوں نے اپنے مکانات کی تعمیر کےلئے بہت زیادہ رقم صرف کی ہے۔کے ٹی آر نے کہاکہ اگر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اپنی فیملی ہوتی تو کیا وہ اس قسم کے روےہ کو قبول کرتے ۔کے ٹی آرنے کہاکہ آپ نے ایک مرتبہ پھر ےہ ثابت کردیا ہے کہ آپ کا اندرماں راجیم جانیں لینے کےلئے ہے۔کارگزار صدر بی آرایس نے غریب خاندانوں کو مشکلات میں مبتلا کردینے پر چیف منسٹرریونت ریڈی کو شدید ہدف تنقید بنایا۔انہوںنے کہاکہ اپنے گھروں سے محروم ہونے کے خوف سے کئی افراد نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔جبکہ دیگر افراد خوف وہراس کے عالم میں ذہنی کوفت اور اذیت کے ساتھ آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ بی آرایس قائد نے کانگریس حکومت میں غریبوں کی ضروریات کو بالکلےہ طور پر نظر انداز کردینے کی شدید مذمت کی۔انہوںنے انہدامی کارروائی کو غریب خاندانوں کی زندگیوں کے قتل سے تعبیر کیا۔کے ٹی آرنے کہاکہ ریاستی حکومت سیاسی اور مالی فوائد کے حصول کےلئے غریبوں کی جانوں کو قربان کررہی ہے۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیاکہ عوام کانگریس کی ناانصافیوں کو یادرکھیںگے اور کانگریس کو ضرور جوابدہ بنائیںگے۔کے ٹی آر نے کہاکہ موسیٰ بیوٹیفیکیشن پروجیکٹ پر فی کیلو میٹر کےلئے 27ہزار کروڑروپئے کی لاگت آرہی ہے ۔اس کے برخلاف نمامی گنگا پروجیکٹ پر فی کیلومیٹر کےلئے 17کروڑروپئے کی لاگت آئی ہے۔ےہ کوئی” بیوٹیفیکیشن “پروجیکٹ نہیں بلکہ ”لوٹیفیکیشن“ اسکیم ہے۔کے ٹی آر نے کہاکہ اس اسکام کی اسکرپٹ اور ہدایت کانگریس کے بڑے قائدین نے دی ہے تاکہ ان کی پارٹی ریزرو بینک کے طور پر کام کرے۔