حکومت‘ غریبوں کے مکانات کے انہدام کے فیصلہ پر فی الفور نظر ثانی کرے
بی آرایس پارٹی متاثرین کی جدوجہد میں ہمیشہ ساتھ رہے گی۔کارگزار صدر کے تارک راماراﺅ کا خطاب
حکومت‘ غریبوں کے مکانات کے انہدام کے فیصلہ پر فی الفور نظر ثانی کرے
بی آرایس پارٹی متاثرین کی جدوجہد میں ہمیشہ ساتھ رہے گی۔کارگزار صدر کے تارک راماراﺅ کا خطاب
حیدرآباد۔2اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) کارگزار صدر بی آ رایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے ریونت ریڈی حکومت کو سماج کے کمزور اور غریب طبقات کے ساتھ غیر انسانی سلوک پر شدید تنقید کانشانہ بنایا۔انہوںنے گاندھی جی کی تعلیمات پر زوردیتے ہوئے حکومت کے سخت گیر اقدامات بالخصوص حیدرا اور موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے نام پر غریبوں کے مکانات کو منہدم کرنے کی شدید مذمت کی۔تلنگانہ بھون میں آج گاندھی جی اور سابق وزیر اعظم لال بہاد رشاستری کی یوم پیدائش تقاریب کے موقع پر کے ٹی آر نے کانگریس حکومت کی جانب سے جاری انہدامی کارروائی کی مذمت کی اور کہاکہ عوام نے حکومت کو تعمیر اور ترقی کےلئے منتخب کیاہے نہ کہ غریب اور پسماندہ افراد کی زندگیوں کو تباہ وتاراج اور برباد کرنے کےلئے ۔انہوںنے ریاستی حکومت پر زوردیاکہ وہ غریبوں کے مکانات کے انہدام کے اپنے فیصلہ پر فی الفور نظرثانی کرے۔کے ٹی آر نے کہاکہ گاندھی جی نے خودکہاتھاکہ حکومت کی بڑائی اور عظمت اس بات سے معلوم ہوتی ہے کہ وہ معاشرہ میں کمزور اور غریب افراد کی کس طرح سے مدد کرتی ہے۔ریونت ریڈی حکومت کو ےہ بات یاددلانے کی ضرورت ہے۔کے ٹی آرنے دہلی میں کانگریس کی اعلیٰ قیادت پرزوردیاکہ وہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری غیر انسانی پالیسیوں کا سخت نوٹ لے اور اگر کانگریس کی اعلیٰ قیادت کو گاندھی جی کی تعلیمات کا تھوڑا بھی احترام اور پاس ولحاظ ہے تو فی الفور انہدامی کارروائی کو رکوایاجائے۔انہوںنے کہاکہ تلنگانہ کے عوام نے کانگریس کو ان کےلئے مزید مکانات کی تعمیر کےلئے منتخب کیاتھا نہ کہ موجودہ مکانات کو مسمار اور منہدم کرنے کےلئے ۔علاوہ ازیں کارگزار صدر بی آرایس نے موسیٰ ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے متاثرہ خاندانوںسے بات چیت کی جوکہ ان سے ملاقات کےلئے تلنگانہ بھون آئے تھے۔کے ٹی آر نے تمام متاثرین کو یقین دلایاکہ بی آرایس پارٹی حکومت کی سخت گیر پالیسیوں کےخلاف ان کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔حکومت کےخلاف جدوجہد میں بی آرایس پارٹی عوام کا ہمیشہ ساتھ دے گی۔انہوںنے اعلان کیاکہ تلنگانہ بھون میں بی آرایس کی قانونی ٹیم موسیٰ ریور فرنٹ پروجیکٹ اور حیدرا کے متاثرین کی مدد کرے گی۔انہوںنے غریبوں کو مزید نقصانات سے بچانے کےلئے قانونی اور سیاسی مدد کی فراہمی کا وعدہ کیا۔کے ٹی آرنے حکومت کے اقدامات کو انتہائی غلط اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ غریبوں کا گھر منہدم نہیں کیاجاناچاہئے۔انہوںنے کہاکہ خصوصیت کے ساتھ ایسے مکانات کو ہرگز مسمار نہیں کرناچاہئے جن مکانات کی تعمیر کےلئے خود حکومت نے سرکاری سطح پر اجازت فراہم کی تھی۔کے ٹی آر نے یاددلایاکہ سابق چیف منسٹر وبی آرایس سربراہ کے چندر شیکھر راﺅ کے دورحکومت میں غریبوں کا احترام کیاجاتاتھا اور ان کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کیاجاتاتھاتاہم آج موجودہ کانگریس حکومت اس کے برخلاف کام کررہی ہے۔غریبوں پر ظلم کیاجارہاہے ۔انہوںنے اعادہ کیاکہ بی آرایس عوام کےلئے سڑکوں اور عدالتوں میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔