تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

این ڈی آرایف فنڈس کے اختصاص میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی:ہریش راﺅ

این ڈی آرایف فنڈس کے اختصاص میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی:ہریش راﺅ

:حیدرآباد۔2 اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز)سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی سدی پیٹ بی آرایس ٹی ہریش راﺅ نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (این ڈی آرایف)ریسورسیس کے اختصاص میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی پر مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی۔انہوںنے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کو آندھرا کے مقابلہ میں این ڈی آرایف فنڈ کا نصف سے بھی کم حصہ ملا۔مرکزی حکومت نے منگل کو ریاستی ڈیزاسٹرریسپانس فنڈ (ایس ڈی آرایف )سے مرکزی حصہ کے طور پر تلنگانہ کو 416.8کروڑ روپئے اور آندھرا پردیش کو 1ہزار36کروڑ روپئے کی اجرائی کو منظوری دی۔حالےہ سیلاب کے تناظر میں این ڈی آرایف سے اڈوانس رقم جاری کی گئی ہے۔تلنگانہ حکومت نے سیلاب سے نقصانات کے خصوص میں عبوری راحت کے طور پر 5ہزار کروڑ روپئے کا تقاضہ کیاتھا۔سوشیل میڈیا پلیٹ فارم Xپر ہریش راﺅ نے ریاست تلنگانہ سے بی جے پی کے 8ارکان پارلیمنٹ منتخب ہونے کے باوجود تلنگانہ کے ساتھ ناروا سلوک پر استفسار کیااور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوںنے کہاکہ مرکزی بجٹ کے اختصاص میں بھی تلنگانہ کو کچھ بھی نہیں دیاگیا۔ریاست کو کوئی خصوصی گرانٹ بھی منظور نہیں کی گئی اور اب آندھرا پردیش کو دیئے گئے فنڈز کانصف سے بھی کم حصہ این ڈی آر ایف سے تلنگانہ کو مختص کیاگیا ہے۔ہریش راﺅ نے سوال کیاکہ کیا سب کا ساتھ‘سب کا وکاس کا یہی مطلب ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button