سدارامیا کے خلاف ایف آئی آر انتقام کی سیاست: کانگریس
سدارامیا کے خلاف ایف آئی آر انتقام کی سیاست: کانگریس
نئی دہلی، 01 اکتوبر: کانگریس نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کے خلاف درج ایف آئی آر کو ریاست میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے اسے انتقام کی سیاست قرار دیا ہے۔
کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر ابھیشیک منو سنگھوی نے منگل کو اس معاملے پر بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر سدارامیا کو دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایسا کرکے بی جے پی لوگوں کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی حکومت کا مقصد اپوزیشن کو دھمکاکر اور خوفزدہ رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای ڈی کے کل سیاسی مقدمات میں سے 95 فیصد صرف اپوزیشن کے خلاف ہیں۔ مہاراشٹر میں حکومت سے انحراف اور حکومت کو توڑنے والوں کے کیس سرد بستے میں پڑے ہیں۔ سدارامیا کے معاملے میں بھی پی ایم ایل اے کے تحت ایک نئی ایف آئی آر درج کی گئی۔ اب بی جے پی ٹائم مشین کے ذریعے ای ڈی کے ذریعہ کئی دہائیوں پرانے معاملات کو سامنے لا کر ضمانت کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مسٹر سنگھوی نے کہا کہ ای ڈی دراصل بی جے پی کا انتخابی محکمہ ہے۔ مسٹر سدارامیا کے خلاف درج کیس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ کو 2022 میں زمین کے عوض پلاٹ ملے تھے جب وہ اپوزیشن کے ایم ایل اے تھے اور کرناٹک میں بی جے پی کی حکومت تھی۔ اس کیس میں منی لانڈرنگ کا کوئی کیس نہیں بنتا ہے۔