حیدرا کی کارروائیوں کے خلاف بی آرایس کا اعلان جنگ:ہریش راﺅ
غریبوں کے مکانات کو منہدم کرنے کی اجازت ریونت ریڈی کو کس نے دی
حیدرا کی کارروائیوں کے خلاف بی آرایس کا اعلان جنگ:ہریش راﺅ
غریبوں کے مکانات کو منہدم کرنے کی اجازت ریونت ریڈی کو کس نے دی
حیدرآباد 28ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)بی آرایس پارٹی کے ایک وفد نے آج ارکان اسمبلی ہریش راﺅ ‘سبیتا اندراریڈی اور کرشنا راﺅ کی قیادت میں گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں دواخانہ میں جانے سے روک دیاگیا۔بی آرایس کا وفد حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسٹس پروٹیکشن ایجنسی (حیدرا)کی انہدامی کارروائی کی پہلی شکار پوچماں کی لاش کا دیدار کرنے کےلئے یہاں پہنچاتھا۔پوچماں نے مبینہ طور پر حیدرا کی طرف سے کوکٹ پلی حلقہ کے نالہ چیروو کے آس پاس میںواقع اس کے مکان کو منہدم کرنے کی دھمکیوں کے تناظر میں خودکشی کرلی تھی۔ بی آرایس کی ٹیم نے لاش کے دیدار کےلئے گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کیا تاہم پولیس نے اجازت دینے سے انکار کردیا اور خاتون کے پوسٹ مارٹم کے تعلق سے بھی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔اس دوران پولیس اور بی آرایس کے قائدین کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔بی آرایس قائدین نے کہاکہ ےہ ریونت ریڈی کی جانب سے کیاگیا قتل ہے۔انہوںنے استفسار کیاکہ حیدرا کے نام پر مزیدکتنی جانیں لی جائیں گی۔انہوںنے ادعاکیاکہ حیدرا کی کارروائی کے باعث اب تک تین افراد خودکشی کرچکے ہیں۔ہریش راﺅ نے کہاکہ تمام پارٹی کے ارکان اسمبلی کو شہر کے حدود میں غریبوں کے مکانات کو منہدم کرنے کے خلاف جدوجہد کے خصوص میں ایک ایکشن پلان کا اعلان کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ سابقہ کانگریس اور تلگودیشم حکومتوں میں تعمیرات کی اجازت دی گئی تھی۔انہوںنے استفسارکیاکہ ریونت ریڈی کو 30سال سے قائم مکانات کو منہدم کرنے کا اختیار کس نے دیا۔ہریش راﺅ نے کہاکہ لینڈ ایکویزائزیشن ایکٹ 2013کے مطابق اگر غریبوں کو بے دخل کیاجاتاہے تو انہیں معاوضہ دیاجاناچاہئے اور نیا مکان تعمیر کروایاجاناچاہئے۔انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت کی جانب سے لائے گئے ایکٹ میں کہاگیاہے کہ متاثرین کو 5لاکھ روپئے گزارا الاﺅنس کے طور پر دیئے جائیںگے تاہم متاثرہ افراد کی مدد کےلئے ریاستی حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔واضح رہے کہ آج حیدرا متاثرین کی کثیر تعداد نے تلنگانہ بھون پہنچ کر بی آرایس قائدین سے فریاد کی ۔ اس موقع پر ہریش راﺅ نے کہاکہ حیدرا کی کارروائی کے خلاف بی آرایس پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ حیدرا کی کارروائیوں کے خلاف شدید احتجاج منظم کیا جائے گا۔