عادل آباد اسٹار یوتھ ایسوسی ایشن کے صدر امجد خان اور ارکان کی عادل آباد میونسپل کمشنر محمد قمر احمد سے ملاقات
دیرینہ مسائل کی یکسوئی کے لئے نمائندگی
عادل آباد اسٹار یوتھ ایسوسی ایشن صدر امجد خان کی قیادت میں ایسوسی ایشن ممبران کے ایک وفد نے محلہ خانہ پور وارڈ نمبر 29 میں پینے کے پانی کی پائپ لائن اور نکاسی آب کے نظام کی فوری مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے عادل اباد میونسپل کمشنر محمد قمر احمدِ سے جمعرات کے روز ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری یاداشت حوالہ کی۔اس موقع پر انہوں نے میونسپل کمشنر کو وارڈ نمبر 29 میں پینے کے پانی کی پائپ لائن اور نکاسی اب کے نظام کی پچھلے چار سال سے زیر التواء نازک صورتحال سے واقف کروایا۔انہوں نے بتایاکہ اس صورتحال سے میونسپل حکام اور متعلقہ کونسلر کو ماضی میں کئی بار توجہ دلائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ نالیوں میں بچھائی گئی پینے کے پانی کی پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے نالیوں کا آلودہ پانی واٹر سپلائی پائپس میں داخل ہوکر مکینوں کے گھروں تک پہنچ رہا ہے جس کی وجہ سے صحت کے متعدد مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور وارڈ میں بہت سے لوگ اس آلودگی کے نتیجے میں بیمار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں صحت کے مزید خطرات سے بچنے اور آلودگی کو روکنے کے لیے پانی کی پائپ لائن کو نکاسی آب سے دور منتقل کر دیا جائے اور نکاسی آب کے نظام کی باقاعدگی سے صفائی اور دیکھ بھال کی جائے۔انہوں نے محلہ خانہ پور وارڈ نمبر 29 کے عوام کی صحت اور بہبود کے تحفظ کے لیے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے اور فوری طور پر خراب شدہ پانی کی پائپ لائن کی مرمت یا تبدیل کرنے کا میونسپل کمشنر سے مطالبہ کیا۔ میونسپل کمشنر محمد قمر احمدِ نے اس نازک مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کا وفد کو تیقن دیا۔اس موقع پر نائب صدر ثناء اللہ ،جنرل سیکریٹری شیخ رحیم،سید جاوید ،شیخ مشتاق ،شیخ ساجد ،سید مطلوب ،سید کریم ،ناظم خان،واجد خان،علیم خان،ارشد خان،شیخ عادل،تبریز خان،افروز خان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔