تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ریاست تلنگانہ کو ملک کےلئے رول ماڈل بنانے کا عزم

بی ایف ایس آئی اسکل ٹریننگ پروگرام کاافتتاح۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب

ریاست تلنگانہ کو ملک کےلئے رول ماڈل بنانے کا عزم
بی ایف ایس آئی اسکل ٹریننگ پروگرام کاافتتاح۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔25ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بی ایف ایس آئی اسکل ٹریننگ پروگرام کا افتتاح انجام دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کی عوامی حکومت نے تسلیم کیاہے کہ ریاست میں بے روزگاری کا مسئلہ سنگین ہے۔لہذا ہم نے اقتدار پر فائز ہوتے ہی اندرون تین ماہ 30ہزار سرکاری ملازمتوں پرتقررات عمل میںلائے۔چیف منسٹر نے کہاکہ مختلف 35 ہزارسرکاری جائیدادوں پر تقررات کےلئے اعلامےہ جاری کئے گئے۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے آئندہ دو تین ماہ کے دوران مزید 35ہزار سرکاری ملازمتوں پر تقررات عمل میںلانے کا فیصلہ کیاہے۔انہوںنے پرزوراندازمیں کہاکہ ریاست میں اگر دولاکھ ملازمتیں فراہم بھی کی جاتی ہیں تب بھی ریاست میں بے روزگاری کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔چیف منسٹر نے کہاکہ اہلیت کے ساتھ مہارت نہ ہوتو روزگار کا حصول ممکن نہیں ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہم نے اس مسئلہ کی نشاندہی کی ہے اور مہارت کی تربیت کی فراہمی کےلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ میں ہرسال 3لاکھ نوجوان لڑکے لڑکیاں مختلف ڈگریاں حاصل کرتے ہیں تاہم صنعت کی ضروریات کے لحاظ سے مہارت کی کمی کے باعث بیشتر نوجوان لڑکے لڑکیاں ملازمت کے حصول سے قاصر رہ جاتے ہیں۔

چیف منسٹر نے کہاکہ نوجوانوں کومطلوبہ مہارت کی فراہمی کےلئے ہم نے بی ایف ایس آئی سے بات کی ہے ۔بی ایف ایس آئی کی تجاویز پرایک منصوبہ مدون کیاگیاہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے ایک منظم پروگرام کا آغاز کیاہے تاکہ طلبہ کو ڈگری کے حصول کے ساتھ ساتھ ہنر مندی کی بھی تربیت فراہم کی جاسکے۔طلبہ کو مختلف اسکلس کی تربیت کےلئے ضروری فنڈس بھی فراہم کئے گئے ہیں۔تربیت کے حصول کے بعد نوجوان لڑکے لڑکیوںکو بینکنگ‘فینانشیل سرویسس ‘انشورنس شعبہ میں ملازمتیں حاصل ہوںگی۔انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت کامقصد اور مشن دنیا کو ہنر مند نوجوانوں کی فراہمی کو یقینی بناناہے۔چیف منسٹر نے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہاکہ روزگار حاصل نہ ہونے پر ریاست کے چند نوجوان بری عادتوں جیسے گانجہ اور منشیات کے عادی ہوگئے ہیں۔اس معاملہ میں صورتحال تشویش ناک ہے کہ پکڑے جانے والوں میں انجینئرنگ گریجویٹس بھی شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ منشیات اور ڈرگس پر قابو پانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔نوجوانوں کو نشہ کی عادت سے نجات دلانے کےلئے روزگار کی فراہمی ضروری ہے۔چیف منسٹر نے کہاکہ ٹاٹا ٹکنالوجیز کے تعاون سے 65آئی ٹی آئیز کو اڈوانس ٹکنالوجی سنٹرس میں اپ گریڈ کیا جارہاہے۔

ہم آئندہ دو برسوں کے دوران تمام آئی ٹی آئیز کو اے ٹی سی میں تبدیل کردیںگے۔انجینئرنگ کالجس پر خصوصی توجہ مرکوزکی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ قواعد اور معیارات پر کھرا نہ اترنے والے انجینئرنگ کالجس کی اجازت منسوخ کردی جائے گی۔پالی ٹیکنک کالجس کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے ذریعہ طلبہ کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ حیدرآباد کو نہ صرف تعلیمی مرکز میں تبدیل کیاجائے گاکہ بلکہ حیدرآباد کوتکنیکی مہارت کے لحاظ سے ایک ممتاز اورمعیاری ہب کے طور پر پیش کرنا ہمارا منشا ومقصد ہے۔حیدرآباد کو عالمی سطح پر ایک کاسمو پولیٹن شہر کا موقف دلایاجائے گا۔ان تمام امور کی تکمیل کےلئے سب کا تعاون ضروری ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اسپورٹس یونیورسٹی اور اسپورٹس اکیڈیمی آئندہ سال قائم کی جائے گی۔ ہم تلنگانہ کو ملک کےلئے رول ماڈل بنائیںگے۔انہوںنے کہاکہ حیدرآباد پبلک اسکول سے فارغ التحصیل طلبہ دنیا کی بڑی کمپنیز کے سی ای اوز ہےں ہم ایسے افراد کے تعاون کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کوترقی کی سمت رواں دواں کریںگے۔اس موقع پر ریاستی وزیر صنعتیں سریدھر بابو ‘رکن اسمبلی نامپلی مجلس محمدماجد حسین اور دوسرے موجود تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button