ہندوستان ؍ ملک کی خبریں

بنگلور میں ہونے والے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس عام کی تیاریاں شروع، مجلس استقبالیہ اور دیگر کمیٹیوں کی تشکیل

بنگلور میں ہونے والے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس عام کی تیاریاں شروع، مجلس استقبالیہ اور دیگر کمیٹیوں کی تشکیل

نئی دہلی ،25ستمبر: بنگلور میں ہونے والے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس عام کی تیاریوں کے سلسلے میں بورڈ کی جانب سے ایک اہم مشاورتی نشست مولانا محمد فضل الرحیم مجددی (جنرل سکریٹری بورڈ) کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں ارکان بورڈ ریاست کرناٹک اور عمائدین شہر بنگلور شریک ہوئے۔
آج یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق 23/24/نومبر 2024ء بروز سنیچر، اتوار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا سالانہ اجلاس عام شہر بنگلور میں ہونا طے پایا ہے، اسی سلسلے میں تفصیلی مشاورتی نشست ہوئی اور تمام مکاتب فکر، مسالک اور دینی، ملی جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندگان اور عمائدین شہر پر مشتمل ایک مجلس استقبالیہ تشکیل دی گئی۔مشاورتی نشست کے آغاز میں مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی جانب سے منعقد کئے جانے والے اجلاس کا گہرا اثر مرتب ہوتا ہے اور اخلاص و اہتمام سے کئے جانے والے عمل کی اللہ کے یہاں بڑی قدر و قیمت ہے۔
مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (سکریٹری بورڈ )نے اجلاس عام کے انتظامی امور پر روشنی ڈالی اور شرکائے مجلس کو یہ بتایا کہ بورڈ ملت اسلامیہ کا مشترکہ اور متحدہ پلیٹ فارم ہے، اس لئے اجلاس عام کیلئے جو مجلس استقبالیہ بنے اور اسی طرح جو کچھ سرگرمیاں انجام دی جائیں ان میں مسالک، مکاتب فکر اور دینی و ملی جماعتوں اور تنظیموں کی نمائندگی کا مکمل خیال رکھا جائے۔ اس موقع پر شرکائے مجلس کی جانب سے بہت اہم تجویزیں اور آراء سامنے آئیں، جن کو سامنے رکھتے ہوئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ان کے لئے مناسب افراد کار کا انتخاب کیا گیا، اسی طرح مجلس استقبالیہ کا کنوینر مولانا صغیر احمد رشادی (امیر شریعت کرناٹک و رکن عاملہ بورڈ) کو بنایا گیا اور معاون کنوینرس کی ایک ٹیم بنا دی گئی۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اس سالانہ اجلاس کی جہاں خصوصی نشستیں ہوں گی، وہیں ایک بڑا عوامی اجلاس بھی ہوگا، جو ان شاء اللہ تاریخی ثابت ہوگا۔ مشاورتی نشست کے آخر میں مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے شرکائے مجلس کو توجہ دلائی کہ ہر کام میں اخلاص واستقامت ضروری ہے اور ملک کے ان نازک حالات میں بورڈ کے مشن کو تقویت پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شرکائے مجلس میں جناب مولانا پیر تنویر ہاشمی (رکن بورڈ)، عاصم افروز سیٹھ (رکن بورڈ)، ڈاکٹر عبد القدیر خاں (رکن بورڈ)، سراج ابراہیم سیٹھ (رکن بورڈ)، مولانا محمد مقصود عمران رشادی ( امام و خطیب جامع مسجد بنگلور)، مفتی افتخار احمد قاسمی (صدر جمعیت علماء کرناٹک)، ڈاکٹر سعد بلگامی (امیر جماعت اسلامی کرناٹک)، سلیمان خان (معاون جنرل سکریٹری ملی کونسل کرناٹک)، عبیداللہ شریف ، محب اللہ امین (سکریٹری جمعیت علماء کرناٹک)، سید شاہد (جنرل سکریٹری ملی کونسل کرناٹک)، مولانا وحیدالدین خان عمری ، مولانا محمد شاکر اللہ رشادی ، مولانا افتخار محسن ،فیاض شریف ، مصدق اکیری ، مبین منور قابل ذکر ہیں. سلیمان خان نے مشاورتی نشست کی نظامت کی اور مختلف کمیٹیوں کے قائم کرنے کے سلسلے میں تعاون کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button