ہیریٹیج کو فائدہ پہنچانے کےلئے وجیاڈیری کےخلاف بڑی سازش کا الزام
بی آرایس دورحکومت میں منافع بخش وجیا ڈیری آج بقاءکےلئے جدوجہد سے دوچار:نرنجن ریڈی
ہیریٹیج کو فائدہ پہنچانے کےلئے وجیاڈیری کےخلاف بڑی سازش کا الزام
بی آرایس دورحکومت میں منافع بخش وجیا ڈیری آج بقاءکےلئے جدوجہد سے دوچار:نرنجن ریڈی
حیدرآباد۔21ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)ریاست تلنگانہ کی ملکیت وجیاڈیری سے ڈیری فارمرس کو ہیریٹیج کی طرف موڑنے کی ایک بڑی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے سابق وزیر زراعت وسینئر بی آرایس لیڈر ایس نرنجن ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں 204کروڑ روپئے کی سرماےہ کاری کا منصوبہ بنایاجارہاہے۔انہوںنے خدشہ ظاہر کیاکہ اس سے ریاست میں ڈیری صنعت کو شدید نقصان کا سامنا کرناپڑے گا۔تلنگانہ بھون میں آج بی آرایس قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نرنجن ریڈی نے کہاکہ وجیا ڈیری کے ذریعہ ڈیری کسانوں کو گزشتہ تین ماہ سے واجب الادابقاےہ جات ادا نہیں کئے گئے ہیں۔انہوںنے نشاندہی کی کہ ڈیری کسان ادائیگیوں میں تاخیر کے باعث احتجاج منظم کررہے ہیں۔ اس کے باوجود کوئی بھی ریاستی وزیر نے ڈیری کسانوں کے شکوک وشبہات اور خدشات کو دور نہیں کیاہے۔انہوںنے استفسار کیاکہ وجیا ڈیری جو کہ بی آرایس کے دورحکومت میں منافع بخش تھی اب اپنی بقاکےلئے جدوجہد سے دوچار ہے۔نرنجن ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت زرعی قرضہ جات کی معافی اور رعیتوبندھو اسکیم پر عمل آوری میں ناکام رہی ہے اور اب کسانوں کو فصل بیمہ کی نامناسب پالیسیز کے ذریعہ مایوس کرنے کےلئے تیار ہے۔انہوںنے حکومت اور وزیر زراعت پر زوردیاکہ وہ عالمی پالیسیز کا جائزہ لیں اور اس خصوص میں ایک مستحکم فصل انشورنس پالیسی سے متعلق منصوبہ مدون کریں۔نرنجن ریڈی نے نشاندہی کی کہ انشورنس کمپنیاں شاذونادر ہی کسانوں کو نقصانات کی صورت میں فائدہ پہنچاتی ہےں۔انہوںنے 9ماہ سے برسر اقتدار رہنے کے باوجودکسانوں کو فصلوں کے نقصانات پر معاوضہ نہ دیئے جانے پر موجودہ حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بنایا۔ سابق ریاستی وزیر زراعت نے حکومت پر جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار پر فائز ہونے اور حیدرا جیسے گمراہ کن اقدامات کے ذریعہ حیدرآباد اور تلنگانہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔انہوںنے استفسارکیاکہ پڑوسی ریاستوں میں ماہانہ 4000روپئے کی پنشن اسکیم نافذ العمل ہے تاہم تلنگانہ میں تاحال اسے نافذ نہیں کیاگیاہے۔اس موقع پر سابق رکن پارلیمان بی لنگیا یادو اور دوسرے موجود تھے۔