شہر حیدرآباد میں طوفانی بارش ‘عام زندگی درہم برہم
آئندہ دویوم کے دوران بارش کی پیش قیاسی ۔یلو الرٹ جاری
شہر حیدرآباد میں طوفانی بارش ‘عام زندگی درہم برہم
آئندہ دویوم کے دوران بارش کی پیش قیاسی ۔یلو الرٹ جاری
حیدرآباد۔21ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)شہر حیدرآباد میں آج شام پھر ایک مرتبہ طوفانی بارش کے باعث عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔تلنگانہ میںحالےہ طوفانی بارش کے بعد مانسون کا وقفہ دیکھاگیاتھااور دن میں درجہ حرارت میں قدرے اضافہ ہوگیاتھااور گرمی بھی محسوس کی جارہی تھی تاہم 20ستمبر کی دوپہر سے موسم میں تبدیلی واقع ہوئی اور جمعہ کی رات 9.30بجے شب تقریباًدو گھنٹوں تک موسلادھار بارش ہوئی اور آج ہفتہ کو صبح سے ہی مطلع ابرآلود رہا۔صبح 11بجے کے اوقات میں کچھ دیر کےلئے شدید بارش ہوئی۔رات7بجے گرج وچمک کے ساتھ تقریباًایک گھنٹہ تک طوفانی بارش ہوئی۔جس کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا اور سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔کئی مقامات پر برقی سربراہی مسدود رہی ۔حیدرآباد کے بیشتر علاقہ جات چارمینار‘حسینی علم ‘خیریت آباد‘سلطان بازار‘بیگم بازار‘مہدی پٹنم ‘ملک پیٹ‘بشیر باغ‘نامپلی ‘ٹینک بنڈ‘دلسکھ نگر‘ونستھلی پورم ‘ٹولی چوکی ودیگر علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔ہفتہ کی رات ہونے کے باعث سڑکوں پر کافی ٹریفک تھی۔ بارش کی وجہ سے جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا اور سڑکوں پرٹریفک جام کے باعث عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دو یوم کے دوران ریاست تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور اس سلسلہ میں یلو الرٹ جاری کیاگیاہے۔