شہر کے مضافات میں ایک اور زوپارک کے قیام کےلئے مساعی
محکمہ جنگلات کے عہدیداران کادورہ گجرات ۔ونتارا انیمل شیلٹر کا تفصیلی معائنہ
شہر کے مضافات میں ایک اور زوپارک کے قیام کےلئے مساعی
محکمہ جنگلات کے عہدیداران کادورہ گجرات ۔ونتارا انیمل شیلٹر کا تفصیلی معائنہ
مختلف امور پر ریاستی حکومت کو اندرون دوہفتہ رپورٹ کی پیشکشی
حیدرآباد۔20ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)ریاستی محکمہ جنگلات اور تلنگانہ اسٹیٹ فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لینے اور ریاستی حکومت کو رپورٹ کی پیشکشی کےلئے گجرات کے جام نگر میں واقع ونتارا انیمل شیلٹر کا دورہ کیا۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے شہر کے مضافات میں مجوزہ چوتھے شہر میں نئے زوپارک کے قیام کی ہدایت کے پیش نظر ےہ دورہ کیاگیاہے۔محکمہ جنگلات کے عہدیداران نے اس سلسلہ میں ضلع رنگاریڈی کے کرومڈا ‘کدتھل‘تاڑی پتری اور دیگر فاریسٹ بلاکس کے قریب چند ریونیو اراضیات کی نشاندہی کی ہے۔ےہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ 200ایکر پر محیط سفاری رائیڈس اور دیگر سہولیات کے ساتھ ایک نئے زو پارک کاقیام عمل میں لایاجائے۔وزیٹرس کےلئے مجوزہ نئے چڑیا گھر میں نائٹ کیمپ ‘نائٹ سفاری ودیگر سہولیات کےلئے بھی اقدامات کی تجاویز ہیں۔محکمہ جنگلات کے ایک سینئر عہدیدارنے بتایاکہ ان تمام امور اور پہلوﺅں کا جائزہ لینے کےلئے سینئر حکام کی ایک ٹیم نے گجرات کادوروزہ دورہ کیاجس کا آج اختتام عمل میں آیا۔ونتارا انیمل شیلٹر کے دورہ کا مقصد جانوروں اور ان کی دیکھ بھال کےلئے فراہم کردہ سہولیات کے علاوہ کارکردگی اور نگرانی کے مختلف پہلوﺅں کا جائزہ لینا تھا۔ واضح رہے کہ ونتارا انیمل شیلٹر کی بنیاد اننت امبانی نے رکھی تھی۔عہدیداروں نے مزید بتایاکہ مختلف امور کی بنیاد پر عہدیدار دوہفتوں میں ریاستی حکومت کو پروجیکٹ کی لاگت ‘درکار زمین اور دیگر معاملات میں رپورٹ پیش کریںگے۔تین ہفتہ قبل چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے محکمہ جنگلات کے عہدیداران کو ہدایت دی تھی کہ وہ شہر کے مضافات میں ایک نئے زوپارک کے قیام کےلئے تمام پہلوﺅں کاجائزہ لیں۔یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہے کہ حکومت اور چیف منسٹر کی اس تجویزپر چند گوشوں سے تنقیدیں بھی کی جارہی ہیں۔نئے چڑیا گھر کی ضرورت پر استفسار کیاجارہاہے کیوںکہ شہر میں پہلے ہی مشہور نہرو زوالوجیکل پارک کئی دہائیوں قبل قائم کیاگیاہے۔نئے زوپارک کے قیام میں زیادہ اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے فورم فار گڈ گورننس کے صدر ایم پدمنابھاریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبہ جات پر توجہ مرکوز کرے۔