تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

نارائن پیٹ میں حالات قابو میں‘میلاد جلوس کا پر امن اختتام

فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعہ میں 20افراد کی نشاندہی ۔آئی جی ستےہ نارائنا کی پریس کانفرنس

نارائن پیٹ میں حالات قابو میں‘میلاد جلوس کا پر امن اختتام
فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعہ میں 20افراد کی نشاندہی ۔آئی جی ستےہ نارائنا کی پریس کانفرنس
سوشیل میڈیا پر غیر ضروری پوسٹ کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ ۔عوام سے صبر وتحمل کی اپیل

حیدرآباد۔19ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)ضلع نارائن پیٹ مستقر میںچہارشنبہ کی رات فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعہ میں ملوث 20افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔ملٹی زون IIآئی جی وی ستےہ نارائنا نے آج نارائن پیٹ کا دورہ کیا اور صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا۔بعدازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ستےہ نارائنانے کہاکہ نارائن پیٹ میں آج میلاد جلوس کا پرامن اختتام عمل میںآیا۔انہوںنے بتایاکہ گنیش جلوس کے اختتام کے ایک دن بعد جب میلاد جلوس کے ضمن میں پرچم نصب کئے جارہے تھے تو اس معاملہ میں تنازعہ پیدا ہوا اور چھوٹے سے معاملہ کو بڑا بنایاگیااور دو طبقوں کے درمیان تصادم ہوا۔انہوںنے بتایاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی مدد سے 20افراد کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے دونوں طبقات کے ذی اثر اصحاب کے صبرو تحمل کی ستائش کی۔ستےہ نارائنا نے واضح کیاکہ اس طرح کے معاملات میں سوشیل میڈیا پرغیر ضروری اورنفرت انگیز پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر جوگولامبا ملٹی زون VIIایل ایس چوہان آئی پی ایس‘ ضلع ایس پی یوگیش گوتم ‘ایس پی ناگرکرنول ویبھو گائیکواڑ‘ٹی ایس ایس پی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر وینکٹیشورلو اور دوسرے موجود تھے۔واضح رہے کہ چہارشنبہ کی رات نارائن پیٹ ٹاﺅن کے اولڈ بس اسٹانڈ چوراہے پر میلاد جلوس کے ضمن میں نصب کردہ پرچموں کو نکال کر پھینک دینے پر کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور سنگباری کاتبادلہ عمل میں آیاتھا۔تقریباً3گھنٹوں تک یہاں صورتحال کشیدہ رہی۔پولیس نے حالات کو قابو میں کرنے کےلئے لاٹھی چارج بھی کیاتھا۔نارائن پیٹ میں بڑے پیمانے پر پولیس فورس کی تعیناتی عمل میںلائی گئی ہے۔پڑوسی اضلاع سے بھی پولیس کی کمک نارائن پیٹ پہنچ گئی ہے اور حالات پر قابو پالیاگیاہے۔ایس پی نارائن پیٹ یوگیش گوتم نے کہاکہ عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں۔کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لے۔کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی صورتحال میں فی الفور پولیس کو مطلع کیاجائے۔واضح رہے کہ نارائن پیٹ ٹاﺅن میں ہندو واہنی کے نوجوانوں کی اشتعال انگیزی کے باعث حالات کشیدہ ہوئے اور دو طبقات کے درمیان سنگباری کا تبادلہ عمل میں آیا۔نارائن پیٹ میں حالات قابو میں ہےں۔ آج میلاد جلوس کا انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ضلع ایس پی یوگیش گوتم نے جلوس کی راست نگرانی کی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button