آصف آباد میں ماڈل اسکول کی طالبات کا سڑک پر احتجاج
آصف آباد میں ماڈل اسکول کی طالبات کا سڑک پر احتجاج
اساتذہ کے تقرر کا مطالبہ۔تدریسی عملہ کی کمی کے باعث تعلیم متاثر ہونے کااظہار
حیدرآباد۔19ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)کمرم بھیم آصف آباد میں تلنگانہ ماڈل اسکول کی طالبات نے اساتذہ کی کمی کے خلاف شدید احتجاج منظم کیا اور شکایت کی کہ اساتذہ کی کمی کے باعث ان کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔احتجاجی طالبات نے بتایاکہ اسکول میں منظورہ 17کے منجملہ صرف 2اساتذہ ہی خدمات انجام دے رہے ہیں۔طالبات نے ضلع مستقر میںواقع اسکول سے آصف آباد بس اسٹانڈ پرایک ریالی منظم کی۔بعدازاں بس اسٹانڈ کے قریب ایک جنگشن پر دھرنا منظم کیا۔طالبات نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیاکہ اسکو ل میں اساتذہ کا تقرر عمل میںلایاجائے۔طالبات نے اپنے مطالبات کی تائید میں نعرے بھی بلند کئے۔طالبات نے کہاکہ گزشتہ ایک ہفتہ سے اسکول میں مناسب تدریسی عملہ نہ ہونے کی وجہ سے ان کی تعلیم شدید متاثر ہورہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اساتذہ کی کمی کے باعث حصول تعلیم میں مشکلات کاسامناہے۔ طالبات نے خدشہ ظاہر کیاکہ وہ امتحانات میں بہتر مظاہرہ نہیں کرپائیںگی۔ طالبات نے حکومت پرزوردیاکہ وہ ان کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائے اور اساتذہ کے تقرر کےلئے اقدامات روبہ عمل لائے جائیں۔احتجاج میںچھٹویں جماعت تا انٹر میڈیٹ کی طالبات نے حصہ لیا۔