تلنگانہ میں قابل تجدید توانائی پروجیکٹس کےلئے قومی اور عالمی کمپنیوں کی دلچسپی
گجرات میں سرماےہ کاروں کا اجلاس اور ایکسپو ۔تلنگانہ کے اسٹال کو حوصلہ افزاءردعمل
حیدرآباد، 18 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): گاندھی نگر، گجرات میں 16 تا 18 ستمبر کو منعقدہ چوتھے عالمی قابل تجدید توانائی انویسٹرز کے اجلاس اور ایکسپو میں تلنگانہ کے اسٹال کو زبردست اور حوصلہ افزا ردعمل حاصل ہوا۔ تلنگانہ نے تقریباً 250 تا 300 قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور ڈیولپرز کو اپنی جانب راغب کیا۔
سولر، ونڈ، اور بایو انرجی شعبہ جات میں سرکردہ کمپنیز جیسے سزلان، رینیو سولر، جندال انڈیا، امرراجہ، گرین انرجی، اور آوادہ کے ساتھ ساتھ مشہور مالیاتی ادارے جیسے ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور Deutsche Gesellschaft Fur Internationale Zusammenarbeit (GIZ) نے تلنگانہ کے قابل تجدید توانائی محکمہ کے ذریعہ پیش کردہ مواقع میں دلچسپی ظاہر کی۔
علاوہ ازیں، یورپی یونین کے انرجی، کلائیمٹ ایکشن اینڈ انوائرنمنٹ کونسلر مسٹر برتوز پرزوارا نے اپنے وفد کے ہمراہ اسٹال کا دورہ کیا اور ریاست تلنگانہ میں قابل تجدید توانائی کے پروجیکٹس میں تعاون کا یقین دلایا۔
تلنگانہ اسٹیٹ رینیو ایبل انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کی نائب صدرنشین اور منیجنگ ڈائریکٹر واویلا انیلا نے کہا کہ ریاستی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لیے نمایاں دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔
افتتاحی اجلاس کے دوران، ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ملو بھٹی وکرامارکا نے مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے بات چیت کی اور قابل تجدید توانائی کے پروجیکٹس پر کامیاب عمل آوری کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
علاوہ ازیں، انیلا نے تقریب کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانے پر انرجی ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری رونالڈ روز آئی اے ایس، اسپیشل سکریٹری کرشنا بھاسکر آئی اے ایس، سدرن اینڈ ناردرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیز کے صدرنشین اور منیجنگ ڈائریکٹرز مشرف علی فاروقی آئی اے ایس، اور ورون ریڈی آئی اے ایس سے اظہار تشکر کیا۔