حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات ساری انسانیت کے لئے مشعل راہ
بزم رحمت عالم کی ایوارڈ تقریب وجشن میلاد النبی۔ مولانا متین علی شاہ قادری ' ایم اے مجیب ایڈوکیٹ و دیگر کا خطاب
حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات ساری انسانیت کے لئے مشعل راہ، بزم رحمت عالم کی ایوارڈ تقریب وجشن میلاد النبی۔
مولانا متین علی شاہ قادری ‘ ایم اے مجیب ایڈوکیٹ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔17ستمبر(پریس نوٹ)حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ساری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ اسلامی تعلیمات پر عمل آوری کے ذریعہ ہی ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی و کامرانی حاصل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا متین علی شاہ قادری نے کیا وہ بزم رحمت عالم کی جانب سے آ ج خواجہ منشن میں کل ہند بزم رحمت عالم پیس ایوارڈ تقریب و جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا متین علی قادری نے کہا کہ آج مسلمان مغموم ہیں کیونکہ ارض فلسطین پر اسرائیل درندگی کی تمام حدوں کو پار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطین مسلمانوں کا حق ہے۔ یہودیوں نے فلسطین پر غاضبانہ قبضہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی بازیابی تک مسلمان چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین مسلمانوں کے لئے مقدس اور روحانی سرزمین ہے۔ مسلمان سب کچھ فراموش کر سکتا ہے لیکن شریعت اور مسجد اقصٰی کی بے حرمتی کو ہرگز برداشت نہیں کر سکتا۔ مولانا متین علی قادری نے کہا کہ آج اسرائیل کی جارحیت پر ساری دنیا خاموش تماشائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہمارا ملی فریضہ ہے۔ ہم سب دعا گو ہیں کہ اللہ تبارک و تعالی فلسطین کے مسلمانوں کی حفاظت فرما۔ فلسطین کے مسلمانوں کو فتح و نصرت عطا فرما ۔ظالمین کے ظلم سے ہماری حفاظت فرما۔
مولانا سید محمود حسینی قادری الرفاعی المعروف سادات پیر بغدادی نے جلسہ کی سرپرستی کی۔ جلسہ کی صدارت صدر بزم و سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ جناب ایم اے مجیب نے کی۔جلسہ کا آغاز حافظ وقاری ساجد احمد قادری اورقاری سید نور محمد کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔مولانا متین علی شاہ قادری نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے اور قرآن حکیم بنی نوع انسانی کیلئے ہدایت کا عظیم پیغام ہے۔اس کتاب میں ابھرتے ہوئے ہر چیلنج کا جواب موجود ہے۔آج کی دنیا اگر امن و سلامتی چاہتی ہے تو اسے چاہئے حضور اکرمۖ کے پیغام کو اپنائے۔مولانا نے بزم کی جانب سے مشہور صحافی روہت اپادھیائے کو رحمت عالم ایوارڈ 2024دینے پر بزم کے صدر کو مبارکباد پیش کی ۔مولانا سید متین علی شاہ قادری نے کہا کہ حضور اکرمۖ نے ساری انسانیت کو پیدائش سے لیکر موت تک زندگی گزارنے کا جو عملی سلیقہ پیش فرمایا قیامت تک ایسی مثال نہیں مل سکتی۔انہوں نے معاشرتی آداب’ بزرگوں اور بڑوں کا احترام ‘ چھوٹوں پر رحم و کرم’ پڑوسیوں سے بہترین تعلقات ‘ معاملات زندگی’ عبادات و ریاضات کی سرکاردوعالمۖ نے ہمیں جو تعلیمات دی ہیں اس پر عمل کرنے کی تلقین کی۔مولانا متین علی شاہ قادری نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے حبیب خاص رحمت عالم صلی اللہ علیہ و سلم کو اس دنیا میں مبعوث فرمایا۔جیسے ہی رحمت عالمۖ کی تشریف آوری ہوئی عرب کے اجڑے ہوئے دیار میں بہار آگئی ۔مولانا متین علی شاہ قادری نے کہا کہ نبی کریم ۖ نے مسلمانوں کو محبت کا درس دیا ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ صلہ رحمی سے پیش آنے کی تلقین کی۔جناب ایم اے مجیب سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ و صدر بزم نے بزم رحمت عالم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال بزم کی جانب سے ایک ایسے غیر مسلم کو رحمت عالم ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے ۔روہت اپادھیائے ایک ہندوستانی صحافی، دستاویزی فلم ساز اور یوٹیوبر ہےجو ماحولیاتی مسائل، صحت عامہ بالخصوص اقلیتوں کے حقوق پر اپنی گہرائی اور گیرائی پر مبنی رپورٹس کے لئے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے 2015 میں” آج تک” کے ساتھ بطور صحافی اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور نوبھارت ٹائمز اور نیوز 18 انڈیا کے ساتھ بھی کام کیا۔ وہ 2019 سے انڈیپنڈنٹ صحافی ہیں اور ان کا کام دی وائر، انڈیا اسپینڈ آؤٹ لک (انڈین میگزین) اور بی بی سی ہندی (انڈیا) میں شائع ہوا ہے۔ وہ JournalismFund Europe اور Google News Initiative کے گرانٹی ہیں اور دنیا بھر میں انڈیپنڈنٹ صحافیوں کے لئے Youtube کے تخلیق کار پروگرام کے لئے منتخب کردہ 49 صحافیوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے اپنے سوشیل میڈیا چینلز پر 400 سے زیادہ کہانیاں شائع کیں اور ان کے10 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بزم کا مقصد اسلامی تعلیمات کو عام کرنا ہے اسی غرض سے بزم کے بیانر تلے ہر سال بڑے پیمانے پر شہر کے اہم مقامات پر پانچ تاریخی جلسے منعقد کئے جاتے ہیں جس میں نہ صرف مقامی علمائے کرام کے علاوہ بیرونی علمائے کرام شرکت کرتے ہیں۔مولانا مفتی صلاح الدین نظامی نائب صدر بزم نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کو تمام مہینوں میں فوقیت حاصل ہے یہ مہینہ آقا کی ولادت کا مہینہ ہے۔رمضان المبارک میں قرآن مجید نازل ہوا جبکہ ماہ ربیع الاول میں صاحب قرآن کی آمد ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ آج کی متبرک و مقدس محفل حضور اکرمۖ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں سجائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ۖ کی آمد کا جشن ادب کو ملحوظ رکھتے ہوئے منانا چاہئے یہ ایسا جشن ہے جسے تمام انبیاء نے بھی منایا ہے۔آخر میں روہت اپادھیائے کو رحمت عالم ایوارڈ 2024 پیش کیا گیا۔عبدالرشید راشد۔فیاض علی سکندر۔احمد حسین ساگر اور مولوی محمد فاروق نے بارگاہ رسالت مآب ۖ میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا جبکہ محمد مصطفی خان قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔شہ نشین پر حافظ محمد ساجد احمد قادری’ مولانا وسیم احمد اسدی قادری شمیمی اور دیگر موجود تھے۔آخر میں مولانا سید محمود حسینی قادری الرفاعی المعروف سادات پیر بغدادی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔