تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں
عامة المسلمین کو یوم ولادت باسعادت حضوراکرم ﷺ کی مبارکباد
عامة المسلمین کو یوم ولادت باسعادت حضوراکرم کی مبارکباد
جلوس میلاد النبی کی تاریخ کو آگے بڑھانے کے فیصلہ کا خیرمقدم :محمدمحمودعلی
حیدرآباد۔15ستمبر:سابق ریاستی وزیر داخلہ ورکن قانون ساز کونسل بی آرایس محمدمحمود علی نے یوم ولادت باسعادت حضور پرنور ﷺ کی عالم اسلام بالخصوص تلنگانہ کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں ریاست میں جلوس میلاد النبی کی تاریخ کو آگے بڑھادینے کے میلاد جلوس کمیٹی کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہاکہ آج محسن انسانیت ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔
صحافتی بیان میں محمدمحمود علی نے کہاکہ حضورپاک ﷺ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔محمدمحمود علی نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل آوری کے ذریعہ اپنی دنیا و آخرت کو کامیاب بنائیں ۔
جلوس میلاد کے موقع پر نظم وضبط کا مظاہرہ کیاجائے۔خرافات سے اجتنا ب کیاجائے ۔ڈی جے اور باجے تاشوں کے استعمال سے گریز کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے کسی بھی عمل سے کسی کو بھی تکلیف نہیں پہنچنی چاہئے۔
جلوس محمدیﷺ کے دوران مسلمان اخلاق وکردار کا اعلیٰ نمونہ پیش کریں ۔امن وامان کی برقراری کو اولین ترجیح دی جائے ۔میلاد مصطفیﷺ کے موقع پر غریبوں اور ضرورت مندوں کی دادرسی کی جائے ۔
جاریہ سال بھی گنیش وسرجن جلوس اور میلاد النبی ﷺ کی تواریخ ایک ساتھ آنے کے باعث میلاد جلوس کمیٹی نے ایک بہترین فیصلہ لیاہے جس کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی آرایس کے دورحکومت میں امن وامان کی برقراری کے ساتھ ساتھ گنگا جمنی تہذیب کے فروغ کےلئے نمایاں خدمات انجام دی گئی تھیں۔
تلنگانہ ہندو مسلم اتحاد کا مرکز رہا اور سارے ملک میں یہاں کی قومی یکجہتی مثالی رہی ۔محمدمحمود علی نے کہاکہ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام امن وامان کی برقراری کی کلید ہے۔
انہوں نے کہاکہ عید اور تہوار خوشی اور مسرت لے کر آتے ہیں ۔لہذا ہر ایک کو ایک دوسرے کے جذبات اور احساسات کا پاس ولحاظ رکھنا چاہئے اور عیدین اور تہوار کو مناناچاہئے۔
محمدمحمود علی نے کہاکہ میلاد جلوس کمیٹی، علماءو مشائخین نے سال گزشتہ کی طرح جاریہ سال بھی میلاد جلوس کی تاریخ کو آگے بڑھاکر فراخ دلی کا مظاہرہ کیاہے اور ایسے اقدامات کے باعث فی الواقعی سماج میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا۔