حضور ﷺ نے کم وقت میں تاریخ انسانی کا بے نظیر انقلاب برپا کیا
جماعت اسلامی ملک پیٹ کی سیرت ایکسپو کا انعقاد
حضور ﷺ نے کم وقت میں تاریخ انسانی کا بے نظیر انقلاب برپا کیا
امّت کو اسوہ حسنہ اپنانے کی ضرورت ۔ جماعت اسلامی ملک پیٹ کی سیرت ایکسپو کا انعقاد
افتتاحی تقریب سے محمد اظہر الدین، احمد بن عبداللہ بلعلہ اور ڈاکٹر مبشر احمد کا خطاب
حیدرآباد: نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ میں امت مسلمہ کے لیے عزت و سربلندی کا درس موجود ہے۔ حضورؐ نے کم وقت میں بڑا کام کیا اور انسانی تاریخ میں ایک بے مثال انقلاب برپا کیا۔ آپ سے محبت اور تعلق کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے اندر حضور ﷺ کی کامل اطاعت و اتباع کا جذبہ پیدا کریں اور میدان عمل میں سرگرم رہیں۔ حضور ﷺ کا اسوہ ہمیں اچھے اخلاق پیدا کرنے، سلام کو عام کرنے، غیبت سے بچنے، وعدہ وفا کرنے، اور ہر ایک سے خیر خواہی کرنے کا درس دیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار مہمان مقررین نے آج جماعت اسلامی ہند، ملک پیٹ کی جانب سے مہاراجہ فنکشن ہال، ذاکر حسین کالونی میں منعقدہ ’سیرت ایکسپو‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں جناب محمد اظہر الدین، معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ، جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ، رکن اسمبلی ملک پیٹ، ڈاکٹر مبشر احمد، ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد، اور جناب محمد مجیب الاعلیٰ، امیر مقامی ملک پیٹ نے خطاب کیا جبکہ جناب سید محمد عبدالقادر ناصر، رکن مقامی مجلس شوریٰ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
مہمان خصوصی جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان مختلف کھلاڑیوں، فلمی ستاروں یا لیڈروں کا اسٹائل اپنا کر فخر محسوس کرتے ہیں لیکن ہمارے رول ماڈل محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، ہمیں آپ ہی کا طریقہ اور انداز اختیار کرنا چاہیے۔ جناب محمد اظہر الدین نے اپنی مختصر گفتگو میں بچوں اور مرد و خواتین کو سنت رسول ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے سلام میں پہل کرنے، غیبت سے بچنے اور وعدہ پورا کرنے کی تلقین کی۔ ڈاکٹر مبشر احمد نے کہا کہ ہم عملی میدان میں سرگرم رہ کر ہی اللہ کے رسول ﷺ سے محبت کا ثبوت پیش کر سکتے ہیں، اور صحیح سمت میں کام کرنے کے لیے سیرت کا مطالعہ ضروری ہے کیونکہ ہر دور میں سیرت رسول کی عصری معنویت برقرار رہے گی۔
قبل ازیں، جناب محمد مجیب الاعلیٰ، امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے اپنی خیرمقدمی تقریر میں کہا کہ ’’سیرت ایکسپو‘‘ کے انعقاد کا یہ متواتر چوتھا سال ہے۔ ہر سال کچھ نئے اضافوں کے ساتھ اسے بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو جماعت کے کیڈر، بالخصوص شعبہ خواتین، جی آئی او، ایس آئی او، اور سی آئی او کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ امیر مقامی نے بتایا کہ اس سرگرمی کے تحت ملک پیٹ کے حدود میں واقع اسکولوں میں سیرت کے مقابلے رکھے گئے، جس میں 35 اسکولوں سے 6 ہزار طلبہ نے حصہ لیا اور 600 طلبہ کو انعام اول و دوم کا حق دار قرار دیا گیا۔
اکسپو کے کنوینر جناب حافظ عبدالعزیز نے شکریہ ادا کیا۔ نمائش میں مختلف ماڈلز اور فلیکس چارٹس کے ذریعے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے شب و روز کے معمولات اور اخلاقی تعلیمات کو اجاگر کیا گیا۔ ایکسپو میں شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند کی ملک گیر مہم ’’اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن‘‘ کے عنوان سے ایک الگ گوشہ ترتیب دیا گیا تھا۔ نیز، دستاویزی فلموں کی نمائش، بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیاں، برسر موقع کوئز و انعامات، بک اسٹال، اور فوڈ کورٹ بھی اس نمائش کا حصہ تھے۔ مشاہدہ کرنے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور اسکولی بچوں کی تھی۔ اتوار کی چھٹی کی وجہ سے لوگوں نے کثیر تعداد میں اپنے ارکان خاندان کے ساتھ سیرت ایکسپو کا مشاہدہ کیا۔ ایکسپو میں حضور ﷺ کے معمولات و اخلاقی تعلیمات کے علاوہ بچوں نے آپ ﷺ کی دعوتی سرگرمیوں، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، غار حرا، غار ثور، مختلف غزوات، مکی اور مدنی دور کے حالات کو مختلف ماڈلز کے ذریعے بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا۔
۔