بھینسہ میں اتوار کو گنیش وسرجن جلوس‘سخت ترین صیانتی انتظامات
عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں ۔ ایڈیشنل ایس پی اویناش کمار کی پریس کانفرنس
بھینسہ ۔ 14 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) فرقہ وارانہ طور پر حساس شہر بھینسہ میں 15 ستمبر، اتوار کو گنیش وسرجن جلوس کے پر امن انعقاد کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے سخت ترین صیانتی انتظامات روبہ عمل لائے گئے ہیں۔ ایڈیشنل ایس پی اویناش کمار نے بھینسہ ڈویژن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گنیش جلوس کے پیش نظر بھینسہ میں بھاری پولیس فورس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ 25 پولیس پیکٹس کے علاوہ پٹرولنگ اور موبائل ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی۔ ڈاگ اسکواڈ، بم اسکواڈ اور وجرا گاڑی بھی موجود رہے گی۔ ڈرون کیمروں کے علاوہ شہر میں نصب کردہ 220 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ شہر کے حالات پر کنٹرول روم سے کڑی نظر رکھی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے طلایہ گردی میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور شہر کے داخلی راستوں اور حساس مقامات پر بھاری پولیس فورس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
ضلع ایس پی نرمل، جانکی شرمیلا کی نگرانی میں ایک ایڈیشنل ایس پی، دو ڈی ایس پیز، 28 سرکل انسپکٹرز، 32 سب انسپکٹرز کے علاوہ 600 پولیس ملازمین خدمات انجام دیں گے۔ خواتین پولیس، سادہ لباس میں پولیس، اے آر جوان، سکنڈ بٹالین کے جوان بھی تعینات رہیں گے۔ ایمرجنسی خدمات کے لیے بھی عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اویناش کمار نے کہا کہ امن و امان کی برقراری کے لیے عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ گنیش وسرجن جلوس کے دوران کسی بھی قسم کی شرانگیزی اور متنازعہ گیتوں کے علاوہ اشتعال انگیز نعروں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جلوس میں صرف بھگتی گیت اور بھجن بجانے چاہئیں۔ اگر قواعد اور پولیس کے احکامات کی خلاف ورزی کی جاتی ہے تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اویناش کمار نے گنیش منڈلیوں کے ذمہ داروں سے کہا کہ وہ زائد ساؤنڈ باکس نصب نہ کریں اور لیزر لائٹس کا استعمال، جو آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہے، سے بھی اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسرجن جلوس کے دوران ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کی اجازت نہیں ہوگی، اور اگر کوئی ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کا استعمال کرتا ہے تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا اور ڈی جے اور لیزر لائٹس کو ضبط کرلیا جائے گا۔ مدہول میں گزشتہ روز گنیش وسرجن جلوس میں ڈی جے کے استعمال پر کارروائی کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حسب معمول اتوار کی صبح کے اوقات میں بھینسہ کا بازار کھلا رہے گا اور وسرجن جلوس کے آغاز سے قبل بازار بند کردیا جائے گا۔ اس موقع پر ٹاؤن سرکل انسپکٹر راجہ ریڈی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔