خواجہ سرائوں کو ٹریفک والینٹرس کے طور پر متعین کرنے چیف منسٹر کی تجویز
خواجہ سراءوں کو ٹریفک والینٹرس کے طور پر متعین کرنے چیف منسٹر کی تجویز
کاموں کی وقت مقررہ پر تکمیل کی ہدایت ۔ ریونت ریڈی نے مختلف ترقیاتی کاموں کا لیا جائزہ
حیدرآباد ۔ 13;ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج تجویز پیش کی کہ ٹریفک کی سہل آمدورفت کےلئے خواجہ سراءوں کی والینٹرس کے طور پر خدمات کے حصول اور انہیں ہوم گارڈس کے خطوط پر روزگار کی فراہمی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو حکم دیاکہ وہ رضا کارانہ طور پر خدمات کی انجام دہی میں دلچسپی رکھنے والوں کی تفصیلات جمع کریں ۔ ریونت ریڈی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی )کے تحت سڑکوں ‘فٹ پاتھس ‘صفائی اور دیگر کاموں کی انجام دہی سے متعلق پیش رفت کے بارے میں بھی عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کاموں کو ہر حال میں مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ جن کنٹراکٹرس نے ٹنڈرس حاصل کئے ہیں اور کاموں کی انجام دہی میں کوتاہی برت رہے ہیں انہیں ہرگز نظر انداز نہ کیاجائے ۔ کاموں کی عاجلانہ تکمیل کےلئے اقدامات روبہ عمل لائے جائیں ۔ چیف منسٹر نے کاموں کی تکمیل نہ کرنے والے کنٹراکٹرس کے بارے میں اندرون 15یوم جامع رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت دی اور انتباہ دیاکہ اگر کوئی غلط رپورٹ پیش کی گئی توذمہ دار عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔