تلنگانہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا مرکزی ٹیم کا دورہ
حیدرآباد، 11 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) ریاست تلنگانہ میں شدید بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی ٹیم ریاست کا دورہ کر رہی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کرنل کیرتی پرتاپ سنگھ کی قیادت میں 6 رکنی بین وزارتی ٹیم نقصان کا جائزہ لے رہی ہے۔
آج صبح حیدرآباد میں چیف سکریٹری کے ساتھ اجلاس میں عہدیداروں نے مرکزی ٹیم کو سیلاب کے نقصانات کی تفصیلات بتائیں۔ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیکھنے کے بعد مرکزی ٹیم نے سکریٹریٹ میں فوٹوگرافی کی نمائش کا معائنہ کیا۔
دریں اثنا، اس ٹیم کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور کھمم، سوریا پیٹ اور محبوب آباد اضلاع میں میدانی سطح پر نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا، جو شدید بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
مرکزی ٹیم میں زراعت، سڑکوں، عمارتوں، دیہی ترقیات کے محکموں کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ ساتھ نیشنل ریموٹ سینسنگ سنٹر کا ایک سائنسدان بھی شامل ہے۔ حالیہ بارش سے ریاست بھر میں سرکاری املاک کو 5 ہزار کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے اور تقریباً 30 افراد کی موت ہوئی ہے۔