تالابوں، نہروں پرقابض افراد دستبردارہوجائیں، ورنہ حیدرامکانات کومنہدم کردے گی
متاثرین سے دوستانہ پولیسنگ اور مجرموں کے ساتھ سختی سے نمٹنے وزیراعلی تلنگانہ کی ہدایت
حیدرآباد 10-ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ ریاست کے مختلف محکموں اور شعبوں میں اس سال کے اواخر تک 35 ہزار سے زیادہ ملازمتوں کو پُر کیا جائے گا اور تقرری کے دستاویزات حوالے کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے آج صبح تلنگانہ اسٹیٹ پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ مکمل کرنے والے سب انسپکٹرس، ریزروڈ پولیس اور اے ایس آئیز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس کے پریڈ کی سلامی لی۔ اکیڈمی میں 547 سب انسپکٹرس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، جس میں 145 خواتین سمیت 547 سب انسپکٹرس کی تربیت کی تکمیل کے بعد یہ پریڈ منعقد کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انہیں یاد دلایا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کے بننے کے اندرون 90 دن 30,000 نوجوانوں کو تقررات کے دستاویزات حوالے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی منتخب حکومت ہمیشہ عوامی خدمت میں رہے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تربیت مکمل کرنے والے پولیس عہدیدار ریاست میں منشیات، گانجہ اور سائبر جرائم کو آہنی پنجے سے روکنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تعمیر نو اور آنے والی نسلوں کے لیے اسے سنہری بنانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جن افراد نے تالابوں، نہروں پر قبضہ کر رکھا ہے، خواہ وہ کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں، وہ خود ہی اس سے دستبردار ہو جائیں، بصورت دیگر حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسیٹ مانیٹرنگ اینڈ پروٹکشن (حیدرا) اس کو منہدم کر دے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تالابوں اور نہروں پر غیر مجاز قبضے سیلاب کی وجہ ہیں اور واضح کیا کہ جو غیر مجاز تعمیرات کئی علاقوں میں سیلاب کا باعث بن رہی ہیں ان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
تلنگانہ کے سماج کو بہتر پولیس خدمات فراہم کرنے کے لیے انہوں نے متاثرین کے ساتھ دوستانہ پولیسنگ کرنے اور مجرموں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں امن و سلامتی کے ساتھ نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع آئیں گے۔ وزیراعلیٰ جنہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود ان کی ترجیح ہے، نشاندہی کی کہ انہوں نے کافی کم وقت میں کسانوں کے 18 ہزار کروڑ روپے کے فصل کے قرضہ جات معاف کیے ہیں۔
اس موقع پر سیلاب زدگان کے لیے پولیس کی جانب سے 11.06 کروڑ روپئے کا عطیہ دیا گیا۔ یہ چیک وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کو ڈی جی پی جیتندر نے حوالے کیا۔