تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

سی وی آنند نے حیدرآباد پولیس کمشنر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا

حیدرآباد، 09 ستمبر : انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے سینئر افسر سی وی آنند نے پیر کو جوبلی ہلز میں واقع انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں حیدرآباد پولیس کمشنر کے طور پر چارج سنبھال لیا۔
مسٹر آنند نے دوستانہ پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا اور میڈیا کو بتایا کہ محکمہ پولیس مجرموں کے خلاف سخت رویہ اپنائے گا اور عوام کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے پر توجہ دے گا۔


انہوں نے یقین دلایا کہ 17 ستمبر کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے ونائک (گنیش) وسرجن پروگرام کو پرامن طریقے سے انجام دیا جائے گا اور کہا کہ اس دوران ضروری حفاظتی اقدامات کو عمل میں لایا جائے گا۔
فون ٹیپنگ کے معاملے پر بات کرتے ہوئےمسٹر آنند نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک فائل کا جائزہ نہیں لیا ہے لیکن وہ مکمل تحقیقات کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے شہر میں ٹریفک کی افراتفری کی اطلاعات کو تسلیم کرتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں، انہوں نے تصدیق کی کہ منشیات، قتل، عصمت دری اور امن و امان کی دیگر خلاف ورزیوں جیسے جرائم سے نمٹنے کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی۔


تلنگانہ کیڈر کے 1991 بیچ کے آئی پی ایس افسر سی وی آنند نے دسمبر 2021 سے اکتوبر 2023 تک پولیس کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ قبل ازیں 2017 میں انہیں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے طور پر ترقی دی گئی تھی اور 2021 میں تلنگانہ واپس آنے سے قبل انہیں سینٹرل سروسز میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد، اگست 2023 میں، تلنگانہ ریاستی حکومت نے انہیں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کے عہدے پر فائز کیا۔


مسٹر آنند کو 2023 کے انتخابات کے دوران اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اب حیدرآباد کے پولیس کمشنر کے طور پر دوبارہ تعینات کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button