تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

منیرو ندی کی سطح آب میں اضافہ ۔ تازہ سیلاب کا خدشہ

حیدرآباد، 8 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): کھمم میں ہفتہ کی رات موسلادھار بارش اور بالائی علاقوں سے پانی کے زبردست بہاؤ کے باعث دریائے منیرو میں تازہ سیلاب کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔ اتوار کو منیرو ندی میں پانی کی سطح 16 فٹ تک بڑھ جانے کے بعد عہدیداروں نے پہلا وارننگ سگنل جاری کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا۔

منیرو دریا جو کھمم شہر سے گزرتی ہے، خطرے کے نشان تک پہنچ رہی ہے۔ پانی کے زبردست بہاؤ کے باعث ضلع میں جھیلوں کے کناروں پر واقع کالونیوں میں تازہ سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اگر منیرو ندی میں پانی کی سطح 24 فٹ تک پہنچ جاتی ہے تو آبپاشی حکام دوسرا وارننگ سگنل جاری کریں گے۔ ضلع کلکٹر کھمم نے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں سڑکیں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا نے کھمم میں چند ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور ضلعی عہدیداروں کے ہمراہ موجودہ صورتحال پر جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداران اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کلکٹر اور ایس پی نے بھی متاثرہ کالونیوں کا دورہ کیا اور عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کہ یکم ستمبر کو کھمم میں طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث کئی کالونیاں زیر آب آ گئی تھیں اور بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ محبوب آباد اور ورنگل اضلاع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے منیرو ندی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ داناوی گوڑم، رامنا پیٹ، بوکلا گڈہ، پرکاش نگر، موتی نگر، اور وینکٹیشور نگر علاقوں کے عوام کو قریبی ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

کھمم اور محبوب آباد اضلاع کے کئی علاقوں میں ہفتہ کی رات شدید بارش ہوئی۔ محبوب آباد، گارلا، اور بیارم منڈلوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکس کردیا گیا ہے۔ محبوب آباد ضلع کے نیلی کدورو منڈل میں الیروندی کے اطراف لو لیول برج پر سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کلکٹر محبوب آباد اور میونسپل کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے دیں اور اس سلسلے میں تمام اقدامات روبہ عمل لائیں۔

محبوب آباد میں 18.25 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ضلع کھمم کے تلاڈا میں 12.15 سنٹی میٹر بارش ہوئی۔ بھدرادری کتہ گوڑم کے مدوکورو میں 9.23 سنٹی میٹر بارش درج کی گئی۔ گزشتہ ہفتے کھمم، محبوب آباد، اور قریبی اضلاع میں شدید بارش اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔ قدرتی آفت کے نتیجے میں 26 افراد کی جانیں ضائع ہوئیں اور بارش اور سیلاب کے باعث مکانات، فصلوں، سڑکوں، پلوں، ریلوے پٹریوں، بجلی کی تنصیبات، اور آبپاشی کے تالابوں کو بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button