جینور میں امتناعی احکام میں کچھ حد تک نرمی
عید اور تہوار کے پیش نظر عوام کی سہولت کےلئے فیصلہ
حیدرآباد، 8 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے جینور میں حالیہ پرتشدد واقعات کے بعد نافذ کردہ دفعہ 144 میں کچھ حد تک نرمی دینے کا عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے تاکہ مقامی افراد کو ضروری اشیاء کی خریداری کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ ضلع کلکٹر کمرم بھیم آصف آباد وینکٹیش دھوترے نے کہا کہ امن وامان کی برقراری کے لیے دفعہ 144 نافذ کیا گیا تھا، لیکن اب عوام کی سہولت کے لیے امتناعی احکام میں کچھ حد تک نرمی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گنیش تہوار اور میلاد النبی کے تناظر میں عوام کو ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے صبح 8 بجے سے 11 بجے اور شام 4 بجے سے 7 بجے تک راحت فراہم کی جائے گی۔ پرتشدد واقعات کے پیش نظر جینور، کیرامیری، سرپوریو، لنگاپور، وانکڑی، اور تریانی منڈلوں کے ماسوا باقی علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات کو بحال کر دیا گیا ہے۔ جینور میں بھاری پولیس فورس تعینات ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر تیار اور چوکس ہے۔