پیاز کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ
مہاراشٹرا اور پڑوسی ریاستوں میں شدید بارش کا شاخسانہ
حیدرآباد۔7ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز)مہاراشٹرا میں حالےہ بارش کے باعث پیاز کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیاہے۔گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران پیاز کی قیمت میں فی کیلو 10روپئے کا اضافہ درج کیاگیاہے۔ہول سیل مارکٹ میں پیاز کی فی کیلو قیمت 40روپئے سے بڑھ کر 45روپئے فی کیلو گرام ہوگئی ہے جبکہ رٹیل مارکٹ میں پیاز کی فی کیلو قیمت 70روپئے تک پہنچ گئی ہے۔مہاراشٹرا اور دیگر پڑوسی ریاستوں میں بارش اور سیلاب کی صورتحال کے باعث پیاز کی پیداوار میںخاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔ٹھوک فروشوں کا احساس ہے کہ آئندہ دنوں میں پیاز کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگا۔مرکزی حکومت نے مہاراشٹرا میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے تناظر میں پیاز کی قیمتوں پر قابو پانے کےلئے فی الفور اقدامات کا آغاز کردیاہے۔پیاز ہر گھر کی ضرورت ہوتی ہے اور ہر سالن میں پیاز کا استعمال ہوتاہے۔پیاز کی قیمت میں اضافہ سے غریبوں کی جیب پر بوجھ پڑرہاہے۔