تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

مذہبی تنظیمیں19ستمبر کو مقررہ وقت پر مکہ مسجد پہنچیں

مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کااجلاس۔ ادب و احترام ملحوظ رکھنے پرزور

حیدرآباد 7 ستمبر (راست) مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کی جانب سے جمعرات 19 ستمبر کو شہر حیدرآباد میں مرکزی میلاد جلوس کے انتظامات کے سلسلہ میں شہر کی مذہبی تنظیموں اور اداروں کا ایک مشاورتی اجلاس خانقاہ احاطہ درگاہ شریف حضرت سید محمد فقیر پاشاہ طارق باقر نگر نزد عیدگاہ میرعالم میں منعقد ہوا۔

مولانا سید غلام غوث شیخن احمد قادری شطاری صدر مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے صدارت کی۔ مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ معتمد کمیٹی نے خیر مقدمی خطاب کیا اور مرکزی میلاد جلوس کے انتظامات کے بارے میں شرکاءاجلاس کو واقف کروایا۔

انہوں نے بتایا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے 1500 ویں جشن میلاد کو یادگار بنانے کےلئے مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے سال تمام کےلئے پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ یہ ہم تمام مسلمانوں کی خوش نصیبی ہے کہ ہمیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی 15سو ویں جشن میلاد منانے کا موقع نصیب ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجلسی قیادت کے اشتراک سے اس اہم سنگ میل کو یادگار بنانے کے لیے پہلی مرتبہ ریاستی سطح پر سکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی چیف منسٹر نے صدارت کی اور انہوں نے مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کو ےہ تیقن دیا ہے کہ آئندہ سال جبکہ 1500ویں جشن میلاد منعقد ہوگی اس وقت تاریخ میں کوئی تبدیلی کی درخواست نہیں کی جائے گی اور 12 ربیع الاول کو ہی جشن میلاد اور جلوس کا اہتمام کیا جائے گا۔

ریاستی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں ممکنہ اشتراک و تعاون کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے شہر اور ریاست میں امن و ہم آہنگی کی برقراری میں پہل کے لئے مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے ذمہ داران سے اظہار تشکر کیا ہے۔ مولانا حافظ مظفر حسین خان بندہ نوازی کنوینر جلوس نے تمام تنظیموں کے ذمہ داروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ذیلی جلوسوں کو وقت مقررہ پر نکالتے ہوئے جمعرات 19 ستمبر کو نماز ظہر تک تاریخی مکہ مسجد پہنچ جائیں تاکہ مرکزی جلوس میں شمولیت اختیار کرسکیں۔

مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری نے کہا کہ یہ جلوس حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب ہے اس لیے اس میں ادب و احترام اور ڈسپلن کو ملحوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ جلوس میں درود پاک کے ورد کے ساتھ نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور نعرہ رسالت یا رسول اللہ کی صدائیں بلند ہونی چاہیے اور جلوس کے ذریعہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے پیام امن و محبت کو دیگر برادران وطن تک پہنچانا چاہیے۔

اس اجلاس میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد سے آئے ہوئے دینی تنظیموں کے ذمہ داران نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ داعی اجلاس مولانا سید محمد سیف اللہ حسینی الباقری سیف پاشاہ نے اجلاس کے شرکاءکا خیر مقدم کیا اور شکریہ ادا کیا۔ اس جائزہ اجلاس میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے تمام ذمہ داران ‘ارکان اور دینی تنظیموں کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button