جرائم و حادثات
اوور نائٹ ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اتر یں، ریلوے عملہ ہوا متحرک
جبل پور، 7 ستمبر: مدھیہ پردیش کے جبل پور میں آج اوور نائٹ ایکسپریس کے دو ڈبے پٹری سے اتر گئے تاہم ٹرین کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
مغربی وسطی ریلوے زون کے تعلقات عامہ کے افسر کے مطابق، حادثہ جبل پور اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر چھ کے قریب صبح تقریباً 5:50 بجے پیش آیا۔ اس وقت اندور سے جبل پور آرہی اوور نائٹ ایکسپریس کے دو ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ٹرین تقریباً پلیٹ فارم پر پہنچ چکی تھی اس لیے اس کی رفتار کافی کم تھی۔
مسافروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ریلوے افسران اور تکنیکی عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ضروری کام شروع کر دیا۔ اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ اس ٹرین(نمبر 22191) کا آخری اسٹاپ جبل پور تھا۔