مہیش کمار گوڑ تلنگانہ پردیش کانگریس کے نئے صدر
نئی دہلی، 06 ستمبر: کانگریس نے سینئر کانگریس لیڈر مہیش کمار گوڑ کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر گوڑ کی تقرری فوری اثر سے عمل میں آئی ہے۔
کانگریس پارٹی نے سبکدوش ہونے والے ریاستی کانگریس کے صدر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا اور ان کی میعاد کے دوران ان کی شاندار شراکت کی تعریف کی۔
مسٹر گوڈ، پسماندہ طبقے (بی سی) برادری کے ایک سرکردہ رہنما، تلنگانہ کے چوتھے ریاستی کانگریس صدر ہیں۔ وہ فی الحال قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے رکن ہیں۔ اس سے قبل وہ ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا سے کیا اور 2013-2014 میں متحدہ آندھرا پردیش کے دوران ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن کے صدر رہے۔ سال 2014 میں انہوں نے نظام آباد اربن حلقہ سے الیکشن لڑا، لیکن کامیابی حاصل نہ کر سکے۔