تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

جینور میں کشیدگی سے نمٹنے میں ریاستی حکومت کی نااہلی پر شدید تنقید

فساد متاثرین کو خاطر خواہ امداد فراہم کی جائے :کے ٹی آر

حیدرآباد۔5ستمبر(آادب تلنگانہ نیوز) کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے ایک قبائلی خاتون کی عصمت ریزی کی کوشش کے بعد ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے جینور منڈل میں کشیدگی سے نمٹنے میں ریاستی حکومت کی نااہلی پر شدید تنقید کی۔اس واقعہ کے باعث بڑے پیمانے پر تشدد کے واقعات پیش آئے۔

جس کے نتیجہ میں املاک کو بھاری نقصان پہنچا ۔ایک بیان میں کارگزار صدر بی آرایس کے ٹی آر نے متاثرہ کو محض ایک لاکھ روپئے بطور معاوضہ دینے کے ریاستی حکومت کے فیصلہ کی مذمت کی اور اسے جرم کی نوعیت کوکم کرنے کےلئے ایک بری حرکت سے تعبیر کیا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو کشیدگی سے متعلق پہلے سے ہی اطلاع تھی تاہم حکومت پھر بھی تشدد کو روکنے میں مکمل طورپر ناکام رہی ۔ انہوںنے مطالبہ کیاکہ علاقہ میں امن وامان کی بحالی کےلئے فی الفور اقدامات روبہ عمل لائے جائیں۔ متاثرہ کو مناسب طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔فساد میں مکانات اور تجارتی اداروں کے نقصانات پر خاطر خواہ امداد فراہم کی جائے۔

انہوںنے نشاندہی کی کہ تلنگانہ میں گزشتہ 9مہینوں سے مستقل وزیر داخلہ نہ ہونے کی وجہ سے اس طرح کے نقض امن کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔انہوںنے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ ملزم کے خلاف فوری کارروائی کرے اورمتاثرہ کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائے۔کے ٹی آر نے کہاکہ ریاست میں امن وامان کی برقراری کےلئے اقدامات کئے جائیں۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button