ہریش راﺅ کے قافلہ پر کانگریسی کارکنوں کا حملہ
سنگ باری کے باعث کارکو نقصان۔ایک بی آرایس کارکن کے پیر میں فریکچر
حیدرآباد، 3 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): کھمم میں آج اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب کانگریس کے کارکنوں نے سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی سدی پیٹ بی آر ایس ٹی ہریش راؤ کے قافلہ پر حملہ کردیا۔ حملہ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہریش راؤ نے سابق ریاستی وزراء پی سبیتا اندراریڈی، پی اجئے کمار، سابق رکن پارلیمان ناگیشور راؤ اور دیگر کے ہمراہ کھمم شہر کے بکلا گڈہ اور وینکٹیش نگر کا دورہ کیا تاکہ حالیہ شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی جاسکے۔
بی آر ایس کے قائدین اور کارکنوں کے دورہ پر کانگریس کے ورکرس چراغ پا ہوگئے اور کانگریسی کارکنوں نے بی آر ایس کارکنوں سے بحث کی۔ اس دوران کانگریسی کارکنوں نے بی آر ایس کارکنوں پر حملہ کردیا اور پھر دونوں ہی گروپوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ کانگریسی کارکنوں نے اس کار پر بھی سنگ باری کی جس میں ہریش راؤ اور دیگر سوار تھے۔ سنگ باری کے باعث کار کے شیشوں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک بی آر ایس کارکن سنتوش ریڈی کے پیر میں فریکچر آیا۔