مودی برونائی اور سنگاپور کے دورے پر روانہ ہوئے
نئی دہلی، 03 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج امید ظاہر کی ہے کہ ان کے برونائی دارالسلام اور سنگاپور کے دورے سے ہندوستان اور آسیان کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔
مسٹر مودی آج صبح آسیان کے ان اہم شراکت دار ممالک کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔ مسٹر مودی مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے برونائی پہنچیں گے۔ ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں کے لئے ایک استقبالیہ پروگرام میں شرکت کے علاوہ وہ ہندوستانی ہائی کمیشن میں نئی چانسری بلڈنگ کا بھی افتتاح کریں گے۔ وہ رات کو عمر علی سیف الدین مسجد بھی جائیں گے۔
اپنی روانگی سے قبل ایک بیان میں مسٹر مودی نے کہا، "آج، میں برونائی دارالسلام کا اپنا پہلا دو طرفہ دورہ کر رہا ہوں۔ جیساکہ ہم اپنے سفارتی تعلقات کے 40 سال کا جشن منارہے ہیں، میں اپنے تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے عزت مآب سلطان حاجی حسن البلقیہ اور شاہی خاندان کے دیگر معزز اراکین کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا منتظر ہوں۔
دورے کے دوسرے مرحلے پر وزیر اعظم نے کہا کہ برونائی سے میں 4 ستمبر کو سنگاپور جاؤں گا۔ میں صدر تھرمن شانموگرٹنم، وزیر اعظم لارنس وونگ، سینئر وزیر لی ہسین لونگ اور ایمریٹس سینئر وزیر گوہ چوک تونگ سے ملاقات کے موقع کا منتظر ہوں۔ میں سنگاپور کی متحرک کاروباری برادری کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کروں گا۔
انہوں نے کہا، ” میں سنگاپور کے ساتھ خاص طور پر جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور پائیدار ترقی کے نئے اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو گہرا کرنے کے لیے اپنی بات چیت کا منتظر ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میرے دوروں سے برونائی، سنگاپور اور عظیم آسیان خطے کے ساتھ ہماری شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔