شاہ فیصل ایوارڈ 2026 میں کن شعبہ جات میں دیا جائے گا
شاہ فیصل ایوارڈ 2026 میں کن شعبہ جات میں دیا جائے گا
ریاض، 2 ستمبر : سابق سعودی فرماں رواں شاہ فیصل کے نام سے منسوب شاہ فیصل ایوارڈ آئندہ سال 2026 میں بھی پانچ شعبوں میں دیا جائے گا۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ فیصل ایوارڈ آئندہ سال 2026 میں 5 شعبوں میں دیا جائے گا اور ایوارڈ جنرل سیکریٹریٹ نے آئندہ سال پانچ شعبوں میں ایوارڈ کے لیے نامزدگیاں وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جن شعبوں میں نامزدگیاں وصول کی جائیں گی، ان میں اسلام کی خدمت، اسلامی علوم، عربی زبان اور ادب، طب اور سائنس کے شعبے شامل ہیں۔
نامزدگیاں یکم ستمبر سے 31 مارچ 2025 تک وصول کی جائیں گی۔ تعلیمی اور سائننسی اداروں کے ساتھ تحقیقی مراکز کے ذریعے بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ نامزدگیاں ای میل یا پورٹل کے ذریعے بھیجی جا سکتی ہیں۔
شاہ فیصل ایوارڈ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل نے کہا کہ 2026 کے ایوارڈ کے لیے ہر شعبے میں ایک علمی موضوع کا انتخابات کیا گیا ہے۔
اس مرتبہ اسلامی علوم میں (اسلامی دنیا میں تجارتی راستے)، عربی زبان اور ادب میں (فرانسیسی میں عربی ادب)، سائنس میں (ریاضی) جبکہ طب میں ( مٹاپے کے علاج کو تبدیل کرنے والی دریافتیں) کا تعین کیا گیا ہے۔
جبکہ اسلام کی خدمت، ایک اعزازی ایوارڈ ہے جو اسلام، مسلمانوں اور انسانیت کے لیے غیرمعمولی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔
یاد رہے شاہ فیصل ایوارڈ 1979 میں پہلی مرتبہ تین شعبوں اسلام کی خدمت، اسلامی علوم اور عربی زبان و ادب میں دیا گیا تھا۔ 1980 میں دو مزید شعبے طب اور سائنس متعارف کرائے گئے، طب کا پہلا ایوارڈ 1982 میں اور سائنس میں دو سال بعد دیا گیا تھا۔
شاہ فیصل ایوارڈ یافتگان کو دو لاکھ ڈالر، 200 گرام 24 قیراط کا گولڈ میڈل اور سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔