صحت مند ذہن اور جسم ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد:گورنرتلنگانہ
حیدرآباد۔2ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) تلنگانہ کے گورنر جشنو دیو ورما نے سنٹرل بیورو آف کمیونیکیشن کے زیر اہتمام نمائش "ہر ایک کے لیے غذائیت” کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صحت مند ذہن اور جسم ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد ہیں۔
گورنر نے عوام میں غذائیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے روایتی زبان کے استعمال کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں کے اس ماڈل پر ملک کے مختلف حصوں میں عمل کرنا چاہیے اور عوام میں غذائیت کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ غذائیت ایک مضبوط اور صحت مند قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے معاشرہ اور حکومت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
حکومت کی جانب سے جاریہ سال کو جوار کا سال قرار دینے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غذائیت پر توجہ دینا ضروری ہے۔ لوک فنکاروں نے ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں گورنر کا روایتی انداز میں خیرمقدم کیا۔ یہ نمائش مزید چار روز تک جاری رہے گی۔